ترکی میں 7 ویں بار ہنگامی حالت میں توسیع کی تجویز

ترکی میں 7 ویں بار ہنگامی حالت میں توسیع کی تجویز
ترکی میں 7 ویں بار ہنگامی حالت میں توسیع کی تجویز

  

انقرہ(آن لائن) ترک صدر رجب طیب ایردگا ن نے ملک میں جاری ہنگامی حالت میں مزید 3 ماہ کی توسیع کی کوششیں شروع کر دیں ۔

ترک ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کو ملک میں ہنگامی حالت میں مزید توسیع کی درخواست پر رائے شماری کی درخواست بھیجی ہے۔ توقع ہے کہ پارلیمنٹ ساتویں بار ملک میں ہنگامی حالت میں 3 ماہ کی توسیع کی اجازت دے دے گی۔ترکی کے آئین کے مطابق، ہنگامی صورتِ حال زیادہ سے زیادہ 6 ماہ تک جاری رہ سکتی ہے۔ تاہم6ماہ کے بعد اس میں بار بار توسیع ممکن ہے۔گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ترکی میں ہنگامی صورت حال کے نفاذ کے نتیجے میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق ہنگامی حالت کے نفاذ کو 2 سال ہونے کو ہیں، اس دوران نئے قوانین کی منظوری، حقوق اور آزادیاں معطل کرنے کا اختیار صدر اور حکومت کے پاس ہوگا، جو پارلیمان کی اجازت کے بغیر ایسا اعلان کر سکتے ہیں۔سال 2016 میں پہلی بار ہنگامی حالت نافذ کی گئی تھی،اب تک ترکی میں اندازاً 50000 افراد کو قید کیا گیا ہے جبکہ ہزاروں کو ملازمتوں سے برطرف کر دیا گیا۔واضح رہے کہ ترکی میں 2016ء کے موسم گرما میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد ہنگامی حالت نافذ کی گئی تھی۔

مزید : بین الاقوامی