’اب یہاں شام 7 بجے کے بعد کوئی شادی نہیں ہوگی‘ وہ گاؤں جہاں خواتین نے سخت پابندی لگادی، وجہ جان کر آپ کو بھی ہنسی آجائے گی
نئی دلی(نیوز ڈیسک) کاجو کے باغات میں گھرے بھارتی گاؤں بیلا وتی کی خواتین نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ اب ان کے ہاں شام 7 بجے کے بعد شادی کی کوئی تقریب منعقد نہیں ہو گی۔جس نے بھی شادی کرنی ہے شام 7 بجے سے پہلے سارا کام نمٹا لے اور باہر سے آنے والی بارات کو بھی اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ شام 7 بجے سے پہلے واپس جانا ہے۔ جس نے اس فیصلے کی خلاف ورزی کی اسے 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بیلاوتی گاؤں کے اکثر لوگوں کا روزگار کاجو کی کاشت سے وابستہ ہے اور دراصل خواتین کے تازہ ترین فیصلے کا تعلق بھی کسی طور کاجو سے ہی بنتا ہے۔ گاؤں میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو کاجو کی شراب بناتے ہیں۔ شراب بنانے کی کئی بھٹیاں گاؤں میں چل رہی ہیں اور نوجوان اس شراب کے عادی ہوچکے ہیں۔ بکثرت شراب نوشی کرنے والے نوجوان اکثر لڑائی جھگڑا کرتے ہیں اور خصوصاً شادیوں کے موقع پر تو ضرور دنگا فساد ہوتا ہے۔ عام طور پر یہ دنگا فساد رات کے وقت شادی کی تقریبات میں میوزک اور ڈانس پارٹیوں کے دوران ہوتا ہے۔ اس صورتحال سے تنگ آئی گاؤں کی خواتین نے فیصلہ کیا کہ شراب کی خرید و فروخت کا خاتمہ کیا جائے لیکن دنگے فساد سے فوری نجات کے لئے رات کے وقت شادی کی تقریبات پر پابندی لگائی جائے۔ گاؤں والے کہتے ہیں کہ خواتین کے فیصلے نے پہلے ہی اکثر نوجوانوں کو خبردار کر دیا ہے اور وہ اپنی اصلاح کی کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں۔