حکومت سندھ نے کراچی میں پیپلزبس سروس کا آغاز کردیا 

حکومت سندھ نے کراچی میں پیپلزبس سروس کا آغاز کردیا 
حکومت سندھ نے کراچی میں پیپلزبس سروس کا آغاز کردیا 

  

کراچی(صباح نیوز)سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں داد چورنگی سے ٹاور تک پیپلز بس سروس کا آغاز کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات اینڈ ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ نے بس سروس کا آغاز کیا۔حکومت سندھ کی جانب سے نجی بس کمپنی (ڈائیوو)کے اشتراک سے شہری داد چورنگی، قائدآباد سے ٹاور تک 20 سے 40 روپے کرائے میں ایئر کنڈیشنڈ پیپلز بس سروس میں سفر کرسکتے ہیں۔ابتدائی طور پیپلز بس سروس کے تحت چلنے والی 10 بسوں کو سڑکوں پر لایا گیا ہے۔پیپلز بس سروس صبح 7بجے سے رات 10 بجے تک چلے گی۔ہر بس 30 نشستوں پر مشتمل ہے تاہم رش کے اوقات میں شہری کھڑے ہو کر سفر کرسکتے ہیں۔خواتین کمپارٹمنٹ کے لیے اگلا دروازہ مخصوص ہے جبکہ مرد حضرات کے لیے دوسرا دروازہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیزل پر چلنے والی ان بسوں کا اسٹاف ڈرائیور اور کنڈکٹر پر مشتمل ہے جو مخصوص نیلے رنگ کے یونیفارم میں ملبوس ہوں گے۔بس میں سفر کرنے والے شہریوں نے حکومتی اقدام پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ شہر کی آبادی کے لحاظ پیپلز بسوں کی تعداد اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے اور ان بسوں کی تعداد میں فوری اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی