ایک معذور غریب شخص کی اپیلمکرمی!
مَیں اپنے اس خط کے ذریعے پہلی مرتبہ آپ سے مخاطب ہوں 3 جنوری 2013ء کا دن مجھ پر اور میرے غریب خاندان کے ہر فرد پر ایک قیامت بن کر گزرا۔ اپنی موٹر سائیکل پر اپنی دینی تعلیم ’’ درس نظامی کورس‘‘کی کلاس میں شرکت کے لئے اپنے مدرسہ جا رہا تھا کہ لاہور میں باٹا شو فیکٹری گیٹ نمبر2 کے نزدیک میرا ایک ٹرک کے ساتھ خوفناک حادثہ ہو گیا۔ میری دونوں ٹانگیں ٹرک کے ٹائروں تلے آ کر بری طرح کچلی گئیں اور مَیں شدید زخمی ہو گیااور زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے مَیں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو گیا۔ مجھے شدید زخمی حالت میں فوراً گھرکی ہسپتال لاہور پہنچایا گیا۔ میرا 5 گھنٹے کا طویل آپریشن کیا گیا۔ دوران آپریشن میری بائیں ٹانگ (نہایت اوپر تک) کاٹ دی گئی، جبکہ میری دائیں ٹانگ میں جگہ جگہ سٹیل راڈ اور پلیٹس ڈال دی گئیں۔ میرے اس طویل آپریشن کے دوران مجھے 29 بوتلیں خون دیا گیا۔ یہاں پر یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ میرے اس خوفناک اور المناک حادثے کے بعد آپریشن وغیرہ کے تمام مراحل وطن عزیز کے نامور آرتھوپیڈک سرجن (ماہر امراض ہڈی و جوڑ) جناب محترم ڈاکٹر عامر عزیز نے سر انجام دیئے۔ خدائے رب ذوالجلال کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ میری جان بچ گئی، مگر نہایت افسوس کہ بائیں ٹانگ نہایت اوپر تک کٹ جانے اور دائیں ٹانگ میں جگہ جگہ سٹیل راڈ اور پلیٹس ڈالنے جانے کی وجہ سے مَیں زندگی بھر کے لئے چلنے پھرنے سے معذور ہو چکا ہوں۔ پیدائشی طور پر میرا دایاں بازو بھی نہایت کمزور اور لاغر ہے اور پیدائشی طور پر ’’ مردہ حالت‘‘ میں ہے اور مَیں اپنے کام کاج زیادہ بائیں ہاتھ سے انجام دینے کی کوشش کرتا ہوں۔ دائیں بازو کی کمزوری، لاغری،مردہ حالت اور خوفناک حادثے میں ہونے والی معذوری کی وجہ سے مَیں اکیلا ’’رفع حاجت‘‘ اور ’’غسل وغیرہ‘‘ نہیں کر سکتا۔
جناب محترم! مَیں ایک نہایت غریب آدمی ہوں اور ایک نہایت غریب خاندان سے تعلق رکھتا ہوں،میرا کوئی ذریعہ معاش اور روز گار نہیں، میرے والد ایک نہایت غریب شخص ہیں اور مَیں اپنے علاقے کی نزدیکی مسجد مرکزی جامع مسجد منہاج الرسول میں محلے کے چھوٹے بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم (بلا معاوضہ) دیتا ہوں۔ میرے اس المناک اور خوفناک حادثے میں آپریشنز اور علاج و معالجہ پر اس وقت تک لاکھوں روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ مَیں اور میرے خاندان کے تمام لوگ میرے اس حادثے اور آپریشنز کی وجہ سے لاکھوں روپے کے مقروض ہو چکے ہیں۔ جناب محترم!میری آپ سے نہایت ادب کے ساتھ اور انسانی ہمدردی کے نام پر اپیل ہے کہ آپ اپنے اخبار کے ذریعے میری اور میرے خاندان کی دُکھ بھری اور المناک داستان اعلیٰ حکومتی اربابِ اختیار، مخیر اور صاحبِ ثروت حضرات تک پہنچا دیں،جس کے لئے مَیں آپ کا اور آپ کی پوری ٹیم کا نہایت شکر گزار ہوں گا۔ امید کرتا ہوں کہ آپ میرے اس خط پر خصوصی توجہ،ہمدردانہ غور اور خصوصی شفقت فرمائیں گے۔ مَیں آپ پر اور آپ کی پوری ٹیم پر اپنے مکمل اور بھرپور اعتماد کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ آپ کا حامی و نگہبان ہو۔(آمین)
آپ کا خیر اندیش سہیل عباس ولد محفوظ عالم مکان نمبر22گلی نمبر2محلہ مکہ گارڈن تیج گڑھ روڈ(نزد ماشاء اللہ ہاؤسنگ سکیم) سوتر مل سٹاپ مین جی ٹی روڈ تحصیل لاہور کینٹ ضلع لاہور 0323-1437642