’’ اور جب سے بڑے بڑے ڈاکوئوں کو ساتھ ملا کر بڑے بڑے عہدے دیئے ہیں ۔ ۔ ۔‘‘ رئوو ف کلاسرا نے وزیراعظم عمران خان کو آئینہ دکھادیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سوشل میڈیا ہر شہری کو آزادی اظہار رائے کا حق دیتا ہے اور ایسے میں بسا اوقات لوگ اپنے سے بڑے لوگوں کو بھی آئینہ دکھا دیتے ہیں ، ایسا ہی کچھ سینئر صحافی رؤوف کلاسرا نے کیا جنہوں نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر انہیں آئینہ دکھادیا۔
تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’’ملک میں دس سال میں تاریخی لوٹ مار ہوئی ہے‘‘ جس پر روئوف کلاسرا نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اور جب سے میں نے ان میں سے بڑے بڑے ڈاکوئوں اور لٹیروں کو اپنے ساتھ ملا کر بڑے بڑے عہدے دیے ہیں اس وقت سے کرپشن قابو میں ہے۔۔ ‘‘۔
اس ٹوئیٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی طرح طرح کا ردعمل دینا شروع کردیا اور کامران شبیر نے لکھا کہ ’’کلاسرا صاحب اگر کرپشن قابو میں نہ ہوتی تو آپ ابھی تک کوئی سٹوری لے کر اتے جیسے پچھلے ادوار مین لاتے تھے۔ یا اپ ناکارہ ہو گئے ہیں یا کرپشن کم ہو گئی ہے‘‘۔
آصف نے لکھا کہ ’’بڑی سطح پر کرپشن بہرحال رکی ہوئی لگتی ہے ۔ لگتا ہے خان صاحب نے جب سے آپکی بات کو زیادہ اہمیت نہیں دی اس وقت سے آپ اپنی انا کو سامنے رکھ کر ہر بات پہ اپنا موقف پیدا کر رہے ہیں‘‘۔
اسی طرح وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا تھا کہ ’چاہتےہیں ایمنسٹی اسکیم پرسیرحاصل بحث کےبعد کوئی فیصلہ کیا جائے‘ جس پر رئووف کلاسرا نے لکھا کہ ’’ سر جی بحث ہوتی رہے گی لیکن میرا خیال ہے اس سے زیادہ ضروری ہے آپ خود اور عمران خان پہلے یو ٹیوب اور ٹی چینلز کے ارکائیوز سے اپوزیشن دنوں میں ایمنسٹی کے خلاف دیے گئے دھواں دھار اور تابڑ توڑ تقریروں کے سنسنی خیز ویڈیو کلپس کو کسی طرح ڈیلیٹ کرا دیں‘‘۔