سعودی عرب میں 2 بھارتی شہریوں کے سر قلم کر دیئے گئے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں سنگین جرائم کی سزا موت ہے اور حتیٰ کہ بادشاہ کے بھتیجے کا بھی سرقلم کیا جا چکا ہے ، اب تازہ اطلاعات ہیں کہ ریاست میں لوٹ مار کی رقم کی تقسیم کے تنازع پر اپنے ساتھی کو قتل کرنے کے جرم میں 2 بھارتی شہریوں کے سر قلم کر دیئے گئے۔
ایکسپریس نیوز نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے حوالے سے لکھا کہ عدالتی حکم کی تعمیل میں ریاض میں ستوندر کمار اور ہرجیت سنگھ نامی 2 بھارتیوں کے اپنے ساتھی کو قتل کرنے کے الزام میں سر قلم کر دیئے گئے۔ عدالت نے رواں برس 28 فروری کو سزا سنائی تھی۔دونوں ملزمان کو شراب نوشی اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں 2015 کو حراست میں لیا گیا تھا جہاں ملزمان نے اپنے ساتھی عارف امام الدین کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا۔ تینوں کے درمیان لوٹ مار کی رقم کی تقسیم پر جھگڑا ہوا تھا۔
سعودی عرب میں بھارتی سفارت خانے کے ترجمان نے شکایت کی کہ بھارتی شہریوں کے سرقلم کرنے سے قبل سفارت خانے کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ سعودی قوانین کے باعث دونوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے نہیں کی جائیں گی۔