نیا وزیرخزانہ کیسا ہوگا؟ اسدعمر نے انتہائی حیران کن جواب دیدیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسد عمرنے کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کردیا لیکن نئے وزیرخزانہ سے متعلق سوال پرانہوں نے انتہائی حیران کن جواب دیدیا۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے نئے وزیرخزانہ میں کونسی خصوصیات ہوں گی ؟ سوال کیا تو اسد عمر نے بتایاکہ تین چار خصوصیات ہوں گی ، پہلی یہ کہ جنہیں وزیراعظم یہ ذمہ داری سونپیں گے ، دوسرا نیک سیرت، تیسرا قابل اور چوتھا محنتی ہوگا۔ ان کامزید کہناتھاکہ معیشت کی بنیادی چیزیں جب تک ٹھیک نہیں کریں گے ، معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، بنیادی طورپر تین بنیادی نقصانات ہیں، چالیس سال سے وہی مسائل ہیں، جب تک انہیں ٹھیک نہیں کریں گے تو معیشت آگے نہیں چلے گی ، جلد بازی کی تو اسی کھائی میں گریں گے ، یہ نہ سمجھیں کہ اگلے تین ماہ میں دودھ کی نہریں بہیں گی ،میں عوام اور ملک کی بہتری کے لیے آیا تھا ، عوام کا کچومر نہیں نکال سکتا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں اسد عمر کاکناتھاکہ خود وضاحت اورسوالوں کاجواب دینے آیاہوں، وزیراعظم کابینہ میں ردوبدل کرنے جارہے ہیںوزیراعظم نے مجھے وزارت توانائی کی پیشکش کی تھی، انہوں نے کہاکہ وہ اس رول میں دیکھنا چاہتے ہیں تو میرے خیال میں وہ مناسب نہیں تھی تو میں نے معذرت کرلی۔انہوں نے کہاکہ ہم آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں اور نیا بجٹ اس پر منحصر ہوگا، نئے وزیرخزانہ کا فیصلہ ہمیں جلد کرنا چاہیے ، آنیوالا بجٹ مشکل ہوگااور وزیرخزانہ کو بھی مشکلات کا سامنا ہوگا، اگلابجٹ آئی ایم ایف پروگرام کی عکاسی کرے گا، نئے وزیرخزانہ سے بھی کسی معجزہ کی توقع نہ رکھیں لیکن بلاشبہ معیشت میں بہتری آئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اسد عمر کاکہناتھاکہ وجہ بڑی سادہ ہے اور وہ یہ ہے کہ معیشت مشکل وقت سے گزررہی ہے ، اپوزیشن دباﺅ کا بہانہ بھی بنارہی ہے ،اب تازہ دم ٹیم اگرآکر کام کرے گی تو بہتری نظرآئے گی ، اگر نہ بھی آئے تو انہیں کچھ ٹائم تو دینا پڑے گا۔