’’ پنجاب میں بھی تبدیلی آئے گی ‘‘سینئر صحافی محمد مالک نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف صحافی اور سینیئر تجزیہ کار محمد مالک نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفیٰ کو وزیر اعظم عمران خان کی ’’سیاسی مصلحت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کا یہ سلسلہ صرف وفاق تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کا دائرہ پنجاب تک وسیع ہو گا جہاں عثمان بزدار کی اہلیت اور صلاحیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد مالک کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کے لیےمشکل وقت تھا، اپوزیشن کا دباؤ تھا، مہنگائی بڑھ رہی تھی، آئی ایم ایف سے امداد ملنے میں تاخیر ہو رہی تھی،آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے میں ابتر انتظامی اور سیاسی صورت حال حکومت کی مجموعی کارکردگی معیشت پر اثر انداز ہو رہی ہے،ملک کی پچاس فیصد سے زیادہ آبادی والے صوبے کی معیشت کام نہ کرے تو اس کا اثر وفاق پر ضرور پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ
اسد عمر کی اب تک کی کارکردگی میں کوئی بنیادی جھول یا خرابی نہیں تھی،اسد عمر تحریک انصاف میں ایک انتہائی قدر آور شخصیت تھے اور جہانگیر ترین کے قانونی وجوہات کی بنا پرالگ ہوجانے کے بعد اسد عمر کا کابینہ سے علیحدہ ہو جانا حکمران جماعت کے لیے ایک بڑا نفسیاتی دھچکا ہے،اسد عمر کے علاوہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں وفاقی کابینہ میں تین سے چار تبدیلیاں متوقع ہیں اور پنجاب جہاں بیورو کریسی میں تبدیلیاں کی گئی ہیں وہاں سیاسی سطح پر بھی تبدیلیاں ہونے کا قوی امکان ہے۔