آج سے تحریک انصاف یہ نہیں کہہ سکتی کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان تباہ ہوگیا: حامد میر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفیٰ کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے مشرف اور زرداری کی کابینہ کا حصہ رہنے والے عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ تعینات کردیا ہے۔ ان کی تعیناتی پر سینئر صحافی حامد میر نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے تحریک انصاف یہ نہیں کہہ سکتی کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان تباہ ہوگیا۔
حامد میر نے عبدالحفیظ پیرزادہ کی بطور مشیر خزانہ تعیناتی کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ” آج سے تحریک انصاف یہ نہیں کہہ سکتی کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان تباہ ہو گیا کیونکہ آج پیپلز پارٹی کی حکومت کے وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر خزانہ بنا دیا گیا ہے حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنا کر تحریک انصاف نے اپنے بیانئے کی نفی کر دی“۔
ٹوئٹر@HamidMirPAK
خیال رہے کہ عبدالحفیظ شیخ پرویز مشرف اور آصف زرداری کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ وہ سنہ 2000 سے 2002 کے دوران سندھ کے صوبائی وزیر خزانہ تھے جس کے بعد وہ مرکز میں آگئے اور میر ظفراللہ خان جمالی کی کابینہ میں سنہ 2003 سے 2006 کے دوران وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری کے عہدے پر فائز رہے ۔ مشرف کی حکومت کو خیر باد کہنے کے بعد عبدالحفیظ شیخ کی اگلی منزل پاکستان پیپلز پارٹی بنی ، انہیں 2010 میں مشیر خزانہ تعینات کیا گیا جس کے بعد انہوں نے جیکب آباد کے حلقے سے الیکشن لڑا اور وفاقی وزیر خزانہ بنے ۔ ان کی تعیناتی شوکت ترین کے استعفیٰ کے بعد کی گئی تھی تاہم انہوں نے بھی 19 فروری 2013 کو نگران حکومت کے قیام سے کچھ روز پہلے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔