” انتقام کی ضرورت نہیں“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ میں کیے جانے والے ردوبدل پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا موقف بھی آگیا ہے۔
وزیر خزانہ، وزیر اطلاعات، وزیر پٹرولیم اور وزیر داخلہ کے قلمدانوں کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد مریم نواز نے ٹوئٹر پر رد عمل دیا ۔ انہوں نے لکھا ’ انتقام کی ضرورت نہیں،چپ چاپ بیٹھ کر انتظار کرو، وہ جنہوں نے تمہیں تکلیف پہنچائی ہے خود اپنے ہاتھوں برباد ہوجائیں گے اور اگر آپ خوش قسمت ہوئے تو اللہ آپ کو یہ سب دیکھنے کا موقع بھی دے گا‘۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزیر خزانہ اسد عمر کو ہٹائے جانے کے بعد دیگر کئی وزرا کے قلمدان تبدیل بھی کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے اسد عمر کے ساتھ وزیر صحت عامر کیانی سے بھی استعفیٰ لے لیا ہے۔ علاوہ ازیں فواد چوہدری، شہریار آفریدی، اعجاز شاہ اور غلام سرور خان کے قلمدان تبدیل ہوئے ہیں جبکہ سینیٹر اعظم سواتی کی وفاقی کابینہ میں واپسی ہوئی ہے۔
ٹوئٹر @MaryamNSharif