مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کون ہیں اور اس سے پہلے کیا اہم خدمات سرانجام دے چکے ہیں ؟تفصیلات جانئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے وزیر خزانہ اسد عمر کا استعفی منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ تعینات کر دیا ہے،ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کون ہیں اور اس سے پہلے کیا اہم خدمات سرانجام دے چکے ہیں؟ایک سرسری نظر میں جانتے ہیں۔
ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سندھ کے علاقے جیکب آباد میں پیدا ہوئے۔ان کے والد عبدالنبی شیخ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ارکان میں سے تھے،وہ اقتصادی پالیسی سازی اور عمل درآمد کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری بوسٹن یونیورسٹی امریکا سے حاصل کی اور ہارورڈ یونیورسٹی میں بطور پروفیسر خدمات انجام دیں۔ وہ 1990 کے عشرے میں سعودی عرب میں ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر اکنامک آپریشن تعینات رہے اور بینک کی طرف سے 21 ممالک میں خدمات سرانجام دیں۔ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ 2003 سے 2006 تک وفاقی وزیر برائے نجکاری اور سرمایہ کاری رہے۔مشرف دور میں وہ 2000 سے 2002 تک سندھ کے وزیر برائے خزانہ اور منصوبہ بندی جبکہ یوسف رضا گیلانی کے دور میں وہ 2010 سے 2013 تک پاکستان کے 20ویں وزیر خزانہ کہ ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہے،2013 میں ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے وزرات خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ان کا نام بطور نگران وزیر اعظم کے لئے بڑی شد و مد کے ساتھ گردش کرتا رہا ہے۔پیپلز پارٹی نے انہیں وزیر خزانہ بنانے کے لئے شوکت ترین کی خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر سندھ سے بلا مقابلہ منتخب کروایا تھا .
ان کے کے دور وزارت میں 5 ارب ڈالر کی 34 نجکاری کی ٹرانزیکشن ہوئیں۔واضح رہے کہ 2013 میں بھی ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا نام بطور وزیر نگران وزیر اعظم کے لئے بڑی شد و مد کے ساتھ گردش کرتا رہا ہےجبکہ اس عہدے کے لئے ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ خود بھی لابنگ کرتے رہے ہیں۔ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کے عسکری حلقوں میں انتہائی قریبی اور گہرے تعلقات سمجھے جاتے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ بھی ان کی ’’دوستی‘‘ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔