حکومتی عدم توجہ کے باعث معاشی مسائل بڑھ رہے ہیں،اکبر بٹ
لاہور(سٹی رپورٹر) چیئرمین سپریم کونسل پاکستان تاجر گروپ اکبر بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں کاروباری حالات کے زوال پذیر معاشی اعشاریئے تاجر کمیونٹی کیلئے مسلسل درد سر بنے ہوئے ہیں۔ حکومت کا فوکس سیاسی مسائل پر ہونے اور کاروباری مشکلات پر عدم توجہ سے سے ملکی معاشی مسائل تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ بزنس سیکٹر پر بھاری ٹیکس مہنگائی کی بلند ترین سطح نے کاروباری سرگرمیوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے۔ جدید دنیا کے بدلتے عالمی و ملکی تناظر میں کاروباری دوڑ ہی ترقی و کامیابی کے پیمانے ہیں۔ حکومت ملک میں خوشحالی کے حقیقی سویرے کو طلوع کرنے کیلئے تجارتی مراکز کے مسائل حل کرے۔ مہنگائی کے بے لگام گھوڑے کو نکیل ڈالی جائے۔ دنیا میں پاکستان کی معاشی خودانحصاری اور خود مختار مضبوط معیشت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے بزنس کمیونٹی پر ٹیکسز اور ہیوی ڈیوٹیز کے بوجھ کو کم کیا جائے۔ ملکی ترقی کی شرح کو ریورس گیئر سے نکالنے کیلئے تاجروں کی مشاورت سے اکنامک پالیسی بنائی جائے۔ فیڈریشن کے مابین مضبوط اقتصادی تعلقات اور موثر تجارتی سرگرمیوں کیلئے بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ملکی صنعت و تجارت کے مسائل حل کرکے سازگار ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ملک میں وسائل کی قدرت کی طرف سے عطا کردہ فراوانی کو درست سمت دے ترقی و خوشحالی کی روشن صبح کی بنیاد رکھی جائے۔