سکھر، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف خواتین سڑکوں آگئیں
سکھر(بیورو رپورٹ)ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف خواتین سڑکوں آگئیں۔ ہاتھوں میں سبزیاں فروٹ، روٹی اٹھا کر پریس کلب کے سامنے انوکھا احتجاج کیااور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف سکھر کی سول سوسائٹی سمیت سماجی خواتین رہنماں کی کثیر تعداد نے پریس کلب کے سامنے ہاتھوں میں سبزیوں اور فروٹ کی ٹوکریاں،روٹی اٹھا کر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کی قیادت خواتین رہنماؤں صائقہ قائمخانی، رضیہ عباسی، میڈم خانم و دیگر کر رہی تھیں۔ اس موقع پر مذکورہ خواتین نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات سمیت روزمرہ کی کھانے پینے کی اشیا سے لے کر علاج معالجہ کی ادویات تک مہنگی ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام دشمن پالیسیوں نے پاکستان کی مظلوم عوام سے جینے کی امنگ تک چھین لی ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔ غریب اور متوسط طبقات دو وقت کی روٹی اور علاج معالجہ کیلئے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔خواتین نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خور مافیا کو عوام کو لوٹنے کا فری لائسنس دیدیا ہے۔ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر آٹا، چینی، گھی و دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔انہوں نے موجودہ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ فی الفور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدام کئے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرکے ان میں پائی جانیوالی بے چینی اور مایوسی دور کی جائے۔