بچھڑوں کا گوشت فروخت کرنیوالا 2 رکنی گروہ گرفتار 

  بچھڑوں کا گوشت فروخت کرنیوالا 2 رکنی گروہ گرفتار 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک اور پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بچھڑوں کا گوشت فروخت کرنیوالے 2رکنی گروہ کو گرفتار کر کے گوشت کو تلف کردیا۔ ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر اور ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی ڈاکٹر احتشام الحق اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے تہکال میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے قصاب کی دکان پر چھاپہ مارا جہاں پر بچھڑوں کا گوشت فروخت کیا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خرید و فروخت میں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا جبکہ بچھڑوں کے گوشت کو تلف کردیا۔ بعد ازاں بورڈ بازار سے 21 گرانفروشوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا جن میں 14 قصاب‘ سبزی و پھل فروش اور دیگر شامل ہیں۔ گرانفروشوں کے خلاف متعلقہ تھانے میں مراسلے جمع کردیئے گئے۔ ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ غیر معیاری اور خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان رمضان المبارک میں شہریوں کو صاف ستھری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے دکانوں کو سیل کیا جائے گا۔