پنجابی یونین کے زیر اہتمام وساکھی میلہ پر خصوصی تقریب

  پنجابی یونین کے زیر اہتمام وساکھی میلہ پر خصوصی تقریب

  

 لاہور(سٹی رپورٹر)پنجابی یونین کے زیر اہتمام گزشتہ روز پنجاب ہاؤس میں پنجاب کی دھرتی کے تاریخی وثقافتی تہوار”وساکھی میلہ 2022ء“کے عنوان سے ایک پر وقار تقریب  منعقدکی۔ میزبانی پنجابی یونین کے چیئرمین مدثر اقبال بٹ اور وائس چیئرمین بلال مدثر بٹ نے کی۔ تقریب کی صدارت ورلڈ پنجابی کانفرنس کینیڈا کے صدر جسبیر سنگھ بوپا رائے نے کی۔ مہمانان خصوصی میں پنجابی رہنما الیاس گھمن،جان کشمیری وائس چانسلر بابا گورونا نک یونیورسٹی محمد افضل،طاہرہ سرا، پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمان،پنجابی کے معروف شاعر بابا نجمی،پرفیسر ڈاکٹر ہرجندر سنگھ دلگیر اور حمید اللہ بھٹی شامل تھے۔ پنجابی یونین کے چیئرمین مدثر اقبال بٹ نے کہا کہ وساکھی ہمارا مشترکہ تہوار ہے جو پنجاب کی ثقافت اور ہماری کشادہ دلی کی عکاسی کرتا ہے۔ہم سب کو مل کر اپنی ثقافت اور پنجابی کے فروغ کے لئے کام کرنا چاہیے۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے حافظ ممتاز ملک نے کیا، ندیم اقبال باہو، تیمور افغانی اور عنایت عابد نے عارفانہ کلام کا پڑھا۔ پروفیسر ڈاکٹر ہرجِندر ونگھ دلگیرنے کہا کہ سب سے پہلے ہم مدثر اقبال بٹ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے پنجاب ہاؤس قائم کیا اور دنیا بھر کے پنجابیوں کو ایک جگہ اکٹھے ہو کے اپنے دن منانے کا موقع دیا۔زاہد حسن نے کہا کہ وساکھی پنجاب میں بسنے والے سبھی لوگوں کا مشترکہ تہوار ہے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی اس دنیا میں ہمیں وساکھی کے ساتھ ساتھ ماحولیات کا بھی خیال رکھنا ہے۔پنجابی کے معروف شاعر بابا نجمی نے اس موقع پر وساکھی کے حوالے سے اپنی نظم،عیداں ورگی کیوں نہ لگے سانوں یار وساکھی۔۔ذاتاں پاتاں پِچھے کر کے ونڈے پیار وساکھی،سنا کر محفل میں سماع باندھ دیا۔اصغر پہلوان نے جگ جگ جیوے شالا ساڈا سوہنا دیس پنجاب سنا ئی جس پر حاضرین محفل نے دل کھول کر داد دی۔اس موقع پر طاہرہ سرا،حکیم آصف گجر،وائس چانسلر بابا گورونانک یونیورسٹی محمد افضل،پنجابی رہنما الیاس گھمن،تیمور افغانی، پروفیسر نبیلہ رحمان،پروفیسر ڈاکٹرکلیان سنگھ کلیان، جنگ کے کالم نگار نعیم مسعود،پنجابی میڈیا گروپ کے صدر ندیم رضا نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -