متحدہ اپوزیشن کا بائیکاٹ،سردار تنویر کا بلا مقابلہ وزیر اعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے کا امکان
مظفر آباد(آئی این پی)آزاد کشمیر میں بھی سیاسی ٹمپریچر ہائی ہونے لگا، متحدہ اپوزیشن نے وزیر اعظم کے انتخاب کا بائیکاٹ کردیا۔صدر آزاد کشمیر نے وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے اسمبلی اجلاس 18اپریل کو(آج)طلب کر رکھا ہے اور اجلاس پیر کی صبح ساڑھے دس بجے قانون ساز اسمبلی ہال مظفرآباد میں ہوگا۔ذرائع کے مطابق سپیکرقانون سازاسمبلی چوہدری انوارالحق پیر کو وزارت عظمی کا انتخابی عمل مکمل کرائیں گے۔وزیراعظم کے انتخاب میں 53اراکین اسمبلی ووٹ ڈالیں گے جبکہ کامیابی کیلئے 27ووٹ درکارہیں۔پی ٹی آئی 32، پیپلز پارٹی 12، مسلم لیگ نون 7، جے کے پی پی اور مسلم کانفرنس کی ایک ایک نشست ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سردار تنویر الیاس کو وزارت عظمی کا امیدوارنامزد کیا ہے۔دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے وزیر اعظم کے انتخاب کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ بائیکاٹ کرنے والوں والی متحدہ اپوزیشن میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن شامل ہے۔ اپوزیشن کے بائیکاٹ کے بعد تحریک انصاف کے سردار تنویر الیاس کا بلامقابلہ وزیر اعظم منتخب ہونے کا امکان ہے۔
آزادکشمیر الیکشن