کراچی،پاکستان پولیس سروس کے 6افسران کی گریڈ 19میں ترقی

  کراچی،پاکستان پولیس سروس کے 6افسران کی گریڈ 19میں ترقی

  

کراچی(این این آئی)سندھ میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستان پولیس سروس گریڈ 18 کے 6 افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 19 میں ترقی دے دی ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسران کی ترقی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ترقی پانیوالے پولیس افسران میں فدا حسین جانوری، شبیر احمد سیٹھار، ڈاکٹر فرخ رضا، محمد علی رضا، امجد حیات اور عارف اسلم شامل ہیں۔دوسری طرف ڈپا رٹمینٹل پروموشن کمیٹی کی جامعہ سفارشات کی روشنی میں ٹیلی کمیونیکیشن پولیس سندھ کے تحت کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں فرائض پر مامور 94 ہیڈکانسٹیبلز کو اے ایس آئیز کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔گارڈن ساؤتھ میں منعقدہ ایک سادہ سی تقریب میں ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے ممبران ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی زعیم اقبال شیخ،اے آئی جی ایم ٹی علی شیر جاکھرانی اور اے آئی جی ٹیلی محمد علی کے علاوہ دیگر آفس اسٹاف بھی موجود تھا۔ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی،اے آئی جی ایم ٹی اور اے آئی جی ٹیلی نے اپنے اپنے خطاب میں محکمانہ ترقی پانیوالوں کو تہہ دل سے مبارکباد دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ ترقی پانیوالے تمام پولیس افسران اپنے تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے میں قیام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ جیسی اہم ذمہ داریوں میں علاقہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کو نا صرف یقینی بنائیں گے بلکہ محکمہ پولیس کی نیک نامی اور اچھی شہرت میں مزید اضافہ کی کاوشیں بھی کرینگے۔بعد ازاں تقریب میں شریک تمام پولیس افسران و ملازمان کو افطار ڈنر دیا گیا جسکے تمام تر انتطامات ٹیلی کمیونیکیشن پولیس کی جانب سے کیئے گئے۔اس موقع پر ترقی پانیوالے تمام پولیس ملازمین کی خوشی دیدنی تھی انہوں نے ڈی پی سی میں شامل سینئر پولیس افسران کا شکریہ ادا کیا اور اپنے فرائض منصبی کو انتہائی لگن اور جانفشانی سے ادا کرنیکے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دہانی کرائی۔

ترقی 

مزید :

صفحہ اول -