بھارت،اپوزیشن جماعتوں کا ملک میں نفرت انگیز تقاریر،فرقہ وارانہ تشدد اظہار تشویش

  بھارت،اپوزیشن جماعتوں کا ملک میں نفرت انگیز تقاریر،فرقہ وارانہ تشدد ...

  

       نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماؤں نے ملک میں نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ وارانہ تشدد کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور لوگوں سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، این سی پی کے سربراہ شرد پوار، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ان کے تامل ناڈو اور جھارکھنڈ کے ہم منصبوں ایم کے اسٹالن اور ہیمنت سورین نے ایک مشترکہ بیان میں اس طرز عمل پر تشویش کا اظہار کیاہے جس کے تحت حکمران کھانے، لباس، عقیدے، تہواروں اور زبان سے متعلق مسائل کوجان بوجھ کر معاشرے کو تقسیم کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کے مجرموں کو سخت سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم وزیر اعظم کی خاموشی پر حیران ہیں جو تعصب کا پرچار کرنے والوں اور اپنے قول و فعل سے ہمارے معاشرے کو اکسانے والوں کے خلاف بولنے سے کتراتے ہیں۔اپوزیشن رہنماؤں نے سماجی ہم آہنگی کے بندھن کو مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے اجتماعی عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ہم ان زہریلے نظریات کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو ہمارے معاشرے میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بھارت 

مزید :

صفحہ اول -