آئین شکن سے بڑا کوئی ملک دشمن نہیں ہوتا،عمران نیازی اداروں کیلئے خطرہ ہیں:سعید غنی

آئین شکن سے بڑا کوئی ملک دشمن نہیں ہوتا،عمران نیازی اداروں کیلئے خطرہ ...

  

     کراچی (آئی این پی) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئین شکن حکومت کو فارغ کرنے کے بعد پہلی بار 22 اپریل کو کراچی آرہے ہیں، اس روز ائیرپورٹ کے ٹرمینل 1 پرکراچی کے عوام ان کا شاندار استقبال کریں گے،ہم کراچی کے عوام کو جوابدہ ہیں کسی شاہ محمود قریشی یا دیگر کو نہیں، 14 قومی اور 21 سندھ اسمبلی کی کراچی سے نشستیں رکھنے والی پی ٹی آئی کے جلسہ میں 30 ہزار سے زائد لوگ موجود نہیں تھے، عمران نیازی کی سلیکٹیڈ حکومت نے 3 سال 7 ماہ کے دوران کراچی میں کوئی بڑا منصوبہ تک شروع نہیں کیا اور ماضی کی حکومتوں کے منصوبوں پر تختیاں لگانے والے عمران خان نے کراچی میں کوئی ایسا منصوبہ مکمل نہیں کیا، عمران کے ٹولے کی کرپشن سامنے آئے گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، تحفے کے طور ملنے والی چیزیں توشہ خانہ سے خریدنے کا قانون ہے، ایسا نہیں کہ سستے میں خریدیں اور مہنگے داموں باہر بیچ دیں،  وقت نے ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم سعید کی ان باتوں کو درست ثابت کردیا ہے کہ عمران نیازی اس ملک کے اداروں اور آئین کے لئے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوگا،آئین شکن سے بڑا کوئی ملک دشمن نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے کیمپ آفس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔سعید غنی  نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کیوں نہیں بن سکتا، کہیں نہیں ہوتا کہ تحفہ سستا خریدیں اور مہنگا بیچیں۔ پریس کانفرنس میں سعید غنی نے کہا کہ توشہ خانے پر نواز شریف، گیلانی اور زرداری پر کیس بن سکتا ہے تو کیا عمران خان آسمان سے اترے ہیں، عمران خان نے سستے تحفے خرید کر مہنگے بیچ دیے۔عمرا ن خان نے توشہ خانے کے تحائف 14 کروڑ میں دبئی میں بیچے۔سعید غنی کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس 7 سال سے چل رہا ہے مگر اس پر کارروائی نہیں ہوئی، عمران خان لوگوں کو بتانا چاہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف یہ کارروائیاں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بنانے اور عدم اعتماد لانے میں پیپلز پارٹی کا کردار اہم ہے، عمران خان کے ٹولے کی کرپشن سامنے آئے گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔صوبائی وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ فرح گوگی اور عمران گٹھ جوڑ سامنے آئے گا تو لوگوں کے ہوش اْڑ جائیں گے، تم نے کیس بنائے تھے، ثابت نہیں ہوئے تو کیا وہ انتقامی کارروائی نہیں تھی؟ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قانون کے مطابق کوئی جماعت بیرون  ملک سے فنڈنگ نہیں لے سکتی، تم نے فارن فنڈنگ کے پیسے سے پارٹی چلائی، الیکشن جیتا۔سعید غنی نے کہا کہ عمران خان، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر و صدرِ پاکستان نے آئین کو توڑا ہے، کل پنجاب اسمبلی میں غیر متعلقہ افراد کو ایوان میں لایا گیا۔

مزید :

صفحہ آخر -