ڈیرہ‘ ماہ رمضان میں لاڈلے افسران دفاتر سے غائب
ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)ماہ رمضان میں لاڈلے افسران دفاتر سے غائب، افسران کی غیر حاضری اور تاخیر سے آمد دیکھا دیکھی ماتحت عملہ بھی غیر حاضر، سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا،غیر حاضر افسران ضلعی انتظامیہ کے اجلاسوں اور سیاسی ڈیروں پر بروقت حاضر ہوکر انتظامی افسران اور منتخب نمائندوں کو ماموں بنانے لگے، ڈی سی ڈیرہ و دیگر ذمہ داران سے سرکاری دفاتر میں چھاپے مار کر تادیبی کاروائیاں کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ایم اے، سی اینڈ ڈبلیو، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ محکمہ تعلیم کے دفاتر میں ماہ صیام کے ایام میں روزے کے نام پر لاڈلے افسران کادفاتر سے غائب رہنا اور تاخیر سے آمدمعمول ہے۔ تمام تر سرکاری دفاتر میں افسران کی دیکھا دیکھی ماتحت عملہ بھی سرکاری اجلاسوں کے نام پرغیر حاضررہنے لگا۔ افسران اور ماتحت عملہ کی غیر حاضری تاخیر سے آمد کے باعث ان دفاتر آنے والے شہریوں اور سائلین کو معمولی سے کام کیلئے بار بار چکر لگانا پڑتے ہیں۔ دوسری جانب دفاتر سے غائب رہنے اور تاخیر سے آنے والے افسران انتظامی افسران کی جانب سے طلب کردہ اجلاسوں اور منتخب نمائندوں کے ڈیروں پر علی الصبح حاضر ہوکر انہیں ماموں بنا رہے ہیں کہ وہ وقت کے کتنے پابند ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عمایت اللہ وسیم اور دیگر صوبائی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں علی الصبح چھاپے مار کر افسران اور ماتحت عملہ کی حاضری کو چیک کیا جائے۔