پنجاب میں جو کچھ ہوا قابل مذمت،حمزہ شہباز کا قبضہ شدہ انتخاب تسلیم نہیں کرینگے:عمران خان
اسلام آباد(آئی این پی)پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کو مسترد کر دیا ہے۔اتوار کو ٹوئٹر پر بیان میں عمران خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ قابلِ مذمت ہے، تمام جمہوری اصولوں اور آئینی دفعات کی خلاف ورزی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا الیکشن کرانے کیلئے کوئی بھی چیئر پر موجود نہیں تھا، ہم مافیا کے زیرِ قبضہ ہونے والے انتخابات کو مسترد کرتے ہیں۔ان کا کراچی جلسے سے متعلق کہنا تھا کہ کراچی جلسے میں شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہماری جنگ جمہوریت اور پاکستان کی خودمختاری کیلئے ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ امریکا نے کرپٹ سیاسی مافیا کی مدد سے حکومت تبدیلی کی سازش رچائی۔کراچی کے باغ جناح میں جلسے کے بعد عمران خان نے شہر قائد کے باسیوں کے لیے ایک پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے کراچی جلسے کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، ایک منٹ سے زائد کی ویڈیو میں کراچی جلسے کے فضائی مناظر دکھائے گئے۔ویڈیو کے کیپشن میں عمران خان نے’شکریہ کراچی‘ لکھ کر کراچی والوں کا شکریہ ادا کیا۔
عمران خان