نئی حکومت معیشت کی ترقی کیلئے اقدامات کرے:انجمن تاجران

 نئی حکومت معیشت کی ترقی کیلئے اقدامات کرے:انجمن تاجران

  

       لاہور( سٹی رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ وفاق اور پنجاب کی نئی حکومتیں بہترین کوارڈی نیشن کے ذریعے معیشت کی بہتری اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پیشرفت کریں گی، یہ روایت بن گئی ہے کہ تاجروں کے مطالبات سنے جاتے ہیں اور نہ انہیں کسی طرح کی مشاورت میں شامل کیا جاتا ہے جس سے اس طبقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک کی بقاء  کیلئے مضبوط معیشت نا گزیر ہے اور اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاست سے بالا تر ہو کر سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے صوبائی حکومت سے متعلق بہت سے دیرینہ مطالبات ہیں جو حل طلب ہیں لیکن  ان کی شنوائی نہیں ہورہی۔ تجاوزات کے  خاتمے اورپارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لئے تاجر کئی سالوں سے مطالبہ کر رہے ہیں اور معاملات وعدوں سے آگے نہیں بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز اپنے والد وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے تاجروں سے کئے گئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے وعدے کو پورا کرنے کیلئے عملی پیشرفت کریں گے۔

مزید :

کامرس -