قالین انڈسٹری کے مسائل حل کئے جائین:مینو فیکچرز ایسوسی ایشن

  قالین انڈسٹری کے مسائل حل کئے جائین:مینو فیکچرز ایسوسی ایشن

  

           اسلام آباد  (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے  کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف  ہاتھ سے بنے قالینوں کی کم ہوتی برآمدات کی وجوہات سے آگاہی حاصل کریں، طورخم بارڈر کے مسائل، لیبر کی کمی، انتہائی زیاد فریٹ چارجز، عالمی نمائشوں میں شرکت کے حوالے سے مطالبات پر غور کیا جائے۔ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم شہباز شریف کی توجہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مسائل اور اس کی کم ہوتی برآمدات کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور مختلف ایسوسی ایشنز کے درمیان روابط کیلئے با اختیار فوکل پرسنز مقرر کئے جائیں۔ ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک، وائس چیئرمین اعجاز الرحمن، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، عثمان اشرف، سعید خان اور اکبر ملک نے وزیر اعظم شہباز شریف نے جس طرح معیشت کی بہتری کیلئے سنجیدگی ظاہر کی ہے امید ہے وہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی کم ہوتی برآمدات کی وجوہات اور بہتری کیلئے تجاویز سے آگاہی کیلئے ملاقات کا وقت دیں گے۔

 اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بہت سے ممالک ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات سے کثیر زر مبادلہ حاصل کر رہے ہیں جبکہ ہمارے ہاں اس صنعت کو بے پناہ مشکلات درپیش ہیں جس کی وجہ سے ہماری برآمدات ہر سال کم سے کم ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر کے مسائل، ہنر مند لیبر کی کمی، انتہائی زیاد فریٹ چارجز اور خاص طور پر عالمی نمائشوں میں بھرپور شرکت نہ ہونا اس صنعت کو درپیش مشکلات اور برآمدات میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم متعدد بار یہ مطالبات دہرا چکے ہیں کہ پاکستان کی مصنوعات کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے سنگل کنٹری نمائشوں اور دنیا میں ہونے والی نمائشوں میں پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمدکنندگان کی بھرپور شمولیت کی باضابطہ پالیسی آنی چاہیے لیکن اس پر توجہ نہیں جارہی، بیرون ممالک سفارتخانے پاکستان کی برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن انہیں اس طرز پر اہداف ہی نہیں دئیے جاتے۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس صنعت کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل اور اس کی برآمدات میں اضافہ کے لئے ہمارے مطالبات پر متعلقہ اداروں کو عملی اقدامات کے احکامات جاری کریں گے۔

مزید :

کامرس -