موسم گرما میں پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت
راولپنڈی۔(اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے موسم گرما میں پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے تاکہ اچھی کوالٹی کا پھل حاصل کیا جا سکے۔زرعی ترجمان نے کہاکہ گرمی اور خشکی سے پھل جھلس جاتا ہے اور اس کا چھلکا پھٹ جاتا ہے جس سے پھل کی خاصیت متاثر ہوتی ہے۔ زیادہ گرمی کی وجہ سے پتوں کے مسام بند ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ضیائی تالیف کا عمل صحیح طور پر نہیں ہوتا اور پودوں میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے پتے زرد ہو جاتے ہیں اور ان میں سبز مادہ (کلوروفل) نہ ہونے کی وجہ سے پتے نشاستہ یعنی کاربوہائیڈریٹ نہیں بنا سکتے اور اس طرح پھل کی نشوونما بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ سخت گرمی پھل کے شدید کیرے کا باعث بنتی ہے اور پھل کا بیشتر حصہ مئی اور جون کے مہینوں میں ہی گر جاتا ہے۔ پودے کے ساتھ ساتھ پھل بھی داغ دار ہو جاتاہے کیونکہ بعد دوپہر گرمی کا زیادہ اثر اسی طرف ہوتا ہے۔ اس قسم کا زیادہ نقصان ترشاوہ پھلوں میں خاص طور پر لیموں، مالٹا اور گریپ فروٹ پر ہوتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ باغبان پودوں کو سخت گرمی سے بچانے کیلئے خصوصی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔