خان صاحب آپ کی تقریر منافقت کے سوا کچھ بھی نہ تھی،اسماعیل راہو 

  خان صاحب آپ کی تقریر منافقت کے سوا کچھ بھی نہ تھی،اسماعیل راہو 

  

کراچی(سٹا ف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر جامعات اسماعیل راہونے عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں کہاہے کہ عمران خان صاحب آپ کو بیرونی سازش کے تحت نہیں بلکہ مہنگائی کرنے اور عوام کو روزگار اور ریلیف نہ دینے کی وجہ سے اقتدار سے محروم ہونا پڑا،آپ کے جھوٹ، ڈرامے اور نوسربازیاں عوام کو گمراہ نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب آپ کی پوری تقریر جھوٹ اور منافقت کے سوا کچھ بھی نہ تھی،وزیر جامعات نے کہاکہ گزشتہ رات جلسے میں عمران نیازی بڑی ڈھٹائی کے ساتھ کہہ رہے تھے کہ وہ اداروں کی مضبوطی چاہتے تھے،ملک کا کون سا ادارہ ہے جس کو عمران خان صاحب آپ نے یرغمال بنانے کی کوشش نہیں کی؟، نیب،ایف آئی اے، میڈیا، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور پارلیمان کو بھی گھر کی لونڈی بنانا چاہا۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ عمران خان نے عدم اعتماد پر پہلے کہا اپوزیشن میرا شکار کرنا چاہتی ہے اور میں ان کو شکار کروں گا, پھر کہا منحرفین ضمیر فروش ہیں اور سندھ ہاو س میں پیسے بانٹے جا رہے ہیں، بیس دن بعد ہاتھ کا لکھا کاغذ لہرا کر باہر کی سازش لے کر آ گیا۔ صوبائی وزیر نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کبھی کہتے ہیں کہ میرے خلاف میڈیا کو باہر سے پیسہ ملا ہے، اب کہہ رہا ہے کہ صحافی سازش کے لئے امریکی سفارتخانہ گئے تھے۔ اسماعیل راہونے کہاکہ سابق وزیراعظم عمران خان جھوٹے الزام لگا کر سیاست دانوں اور میڈیا کو بدنام کر رہے ہیں، خان صاحب کراچی والے ترقیاتی کام چاہتے ہیں, روزگار چاہتے ہیں جو آپ نے نہیں دیا, پورے ملک کی طرح آپ نے کراچی کے ساتھ بھی کوئی وعدہ وفا نہیں کیا۔ اسماعیل راہو نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل عمران خان صاحب آپ کے دور اقتدار میں سندھ میں قحط آیا، ٹڈی دل آئی لیکن آپ کو کبھی سندھ یاد نہیں آیا۔ اسماعل راہو نے عمران خان سے مخاطب ہوکر کہا کہ نیازی صاحب قوم آپ کو کون سا خطاب دے, آٹا چور، چینی چور، گندم چور، پیٹرول چور، ادویات چور، گھڑی چور یا ہار چور, خان صاحب فارن فنڈنگ کیس شروع ہونے کا سن کر آپ کی ابھی سے ہی چیخیں نکلنا شروع ہو گئی ہیں, خان صاحب جب آپ کو روس سے گندم اور تیل تیس فیصد کم میں مل رہی تھی تو قوم کو آٹا اورتیل کیوں مہنگا بیچا۔

مزید :

صفحہ اول -