وکلا کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر کاریں چوری کر نے والا گروہ گرفتار

وکلا کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر کاریں چوری کر نے والا گروہ گرفتار

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے ایک کارروائی کے دوران وکیل کی جعلی پلیٹس لگا کر گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کے قبضے سے 4 مسروقہ کاریں اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل محمد طارق نواز کے مطابق اے وی ایل سی نارتھ ناظم آباد ڈویژن کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان شبیر اوڈھ اور شنیش کمار کو گرفتار کرکے 4 مسروقہ کاریں برآمد کرلیں۔ملزمان کے قبضے سے ایک کلو 40 گرام چرس بھی برآمد ہوئی ہے، پولیس کے مطابق ملزمان عادی جرائم پیشہ اور کراچی سے کاریں چوری کرنے کی درجنوں وارداتوں میں کراچی پولیس کو مطلوب تھے۔ملزمان کے  4 ساتھیوں کو اے وی ایل سی جنوری 2022 میں دوران پولیس مقابلہ زخمی حالت میں گرفتار کرچکی ہے جو کہ تاحال جیل میں ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم شبیر اوڈھ چوری کی گا ڑی پر ”ایڈووکیٹ ہائی کورٹ“کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر چلاتا تھا جس کے لئے اس نے وکیل کا جعلی کارڈ اور وکیل کا یونیفارم بھی بنوایا ہوا تھا، ملزمان اپنے ساتھیوں کی مدد سے کراچی سے کاریں چوری کرکے بلوچستان میں فروخت کرتے ہیں۔ملزمان کے قبضے سے برآمد کار نمبر AKR-998 سوزوکی آلٹو جس پر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کی جعلی پلیٹ ہے جبکہ اصل رجسٹریشن نمبر AQQ-162 ہے، یہ گاڑی تھانہ حیدری مارکیٹ سے سرقہ شدہ ہے جس کا مقدمہ الزام نمبر 224/22 درج ہے۔کار نمبر ASQ-564 ٹویوٹا کرولا تھانہ گلشن معمار سے چوری کی گئی جس کا مقدمہ الزام نمبر194/2022ہے۔کار نمبر ANS-176 میکر کورے تھانہ رانی پور ضلع خیر پور سے مسروقہ ہے جس کا مقدمہ الزام نمبر 54/2022 ہے۔کار نمبر AEF-882 سوزوکی کلٹس تھانہ سپر مارکیٹ سے چوری کی گئی جس کا مقدمہ الزام نمبر 127/2022 ہے۔ملزمان کے عدم گرفتار مفرور ساتھی ملزمان اور مزید برآمدگی کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -