پسماندہ طبقے کی مدد کرنا خیبر پختونخوا حکومت کا مشن ہے: انور زیب

پسماندہ طبقے کی مدد کرنا خیبر پختونخوا حکومت کا مشن ہے: انور زیب

  

      پشاور (سٹاف رپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر زکوٰۃ وعشر سماجی بہبود خصوصی تعلیم اور ترقی خواتین انورزیب خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے پسماندہ اور ضرورت مند طبقے کی مدد کرنا خیبر پختونخوا حکومت کا مشن ہے۔ حکومت کی طرف سے قائم پناہ گاہوں میں مسافروں، بے سہارا اور مزدوروں کو کھانے پینے کی بہترین سہولیات دی جارہی ہیں جو پاکستان کے عوام کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے احسن اقدام ہے جس سے بڑی تعداد میں بے سہارا اور غریب لوگوں کو فائدہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہو ں نے پجگی روڈ پشاور میں واقع پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر کیا۔صوبائی وزیر نے پناہ گاہ میں فراہم کردہ سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا تمام کمروں کا وزٹ کیا اور وہاں پر موجود مسافروں اور مزدوروں سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور انکے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ انورزیب خان نے موقع پر متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں کہ سرکاری مہمان خانے میں مقیم لوگوں کو کھانے پینے کی معیاری اشیاء فراہم کی جائیں۔ ٹاؤن پناہ گاہ پشاور کی بندش کے حوالے سے وائرل ہونے ویڈیو کے بارے میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ویڈیو جعلی ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہماری حکومت کے خلاف سازش ہورہی ہے جو کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کوئی پناہ گاہ بند نہیں ہے پی ٹی آئی حکومت غریب عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ سرکاری مہمان خانوں میں مسافروں، مزدوروں اور بے سہارا لوگوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا خیبر پختونخوا حکومت کی ترجیح ہے۔ اس موقع پر پناہ گاہ میں مقیم لوگوں نے حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور صوبائی وزیر انورزیب خان کو بتایا کہ وہ حکومت کی اس اقدام سے مطمئن اور خوش ہیں۔ صوبائی وزیر نے مقیم مسافروں کے ساتھ افطاری بھی کی۔

مزید :

صفحہ اول -