کوئٹہ تباہی سے بچ گیا ، حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اڑا دی ،پانچ اہلکار شہید
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سیکیورٹی اہلکاروں نے سرعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا جبکہ کارروائی کے دوران پانچ اہلکار شہید اور گاڑی میں سوار خود کش حملہ آور مارا گیا۔زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ قمبرانی روڈ پر شریف آباد کے علاقے میں سیکیورٹی اہلکاروں نے چیک پوسٹ پر ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی مگر گاڑی نہ رکی ۔سیکیورٹی اداروں نے پیچھا کرکے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا جس پر کار سوار حملہ آور نے فائرنگ کردی ۔ فورسز کی جوابی فائرنگ پر خود کش جیکٹ پہنے شخص نے خود کو اُڑالیاجس کے نتیجے میں پانچ اہلکاروں نے شہادت قبول کرتے ہوئے کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچالیا ۔ دھماکے کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنائی دی اور گاڑی کے پرزے اور انسانی اعضا دور دور تک بکھر گئے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق تباہ ہونے والی گاڑی کے ڈھانچے سے ایک دستی بم بھی ملا ہے۔ پانچسکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جان کی قربانی دے کر کوئٹہ شہر کو بڑی خونریزی سے بچا لیا۔