عید کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کی بلیک عروج پر پہنچ گئی

عید کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کی بلیک عروج پر پہنچ گئی

  

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں عیدالفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کی بلیک عروج پر پہنچ گئی ۔بینکوں کی چھٹیوں کے باعث شہریوں کو نئے کرنسی نوٹ نہ ملنے کے باعث ایجنٹس منہ مانگے داموں نئے نوٹ فروخت کر رہے ہیں ۔دس روپے نوٹوں کا پیکٹ 50روپے‘20روپے پر 60روپے‘50روپے پر 100روپے اور سو روپے کے پیکٹ پر 150روپے زائد وصول کئے جا رہے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر عید کے موقع پر سٹیٹ بنک بینکوں کو واضح ہدایات جاری کرتا ہے کہ کھاتہ داران کو نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے لیکن کھاتہ داران کو نئے کرنسی نوٹ نہیں ملتے بلکہ مارکیٹ میں کھلے عام بلیک میں فروخت کئے جا رہے ہیں ۔شہریوں نے سٹیٹ بنک کے حکام سے درخواست کی ہے کہ جن بینکوں نے اپنے کھاتہ داران کو نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کئے اور وہ مارکیٹ میں فروخت کر دیئے گئے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔دوسری جانب بعض بینکوں کے عملہ نے بتایا ہے کہ سٹیٹ بنک کی جانب سے عید کے موقع پر محدود مقدار میں نئے کرنسی نوٹ جاری کئے جاتے ہیں جبکہ ان کی مانگ زیادہ ہو جاتی ہے جس کے باعث بینکوں پر نئے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں فروخت کرنے کے الزامات لگائے جاتے ہیں جو حقائق پر مبنی نہیں۔دریں اثناءسٹیٹ بنک کے حکام نے ملک بھر کے تمام بینکوں کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عید کے دنوں میں اے ٹی ایم کھلے رکھیں اور وافر کیش کا انتظام کریں جن بینکوں کے اے ٹی ایم خراب اور کیش موجود نہیں ہو گا ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -