عوام کے منتخب نمائندوں کی پارلیمینٹ تمام اداروں سے سپریم ہے، لطیف کھوسہ
لاہور (پ ر) گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ نے کہا ہے کہ صحیح فیصلہ کرنا عوام کا حق ہے اور ان سے یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا۔ پارلیمنٹ عوام کے منتخب نمائندوں کا ایوان ہوتا ہے اور یہ تمام اداروں سے سپریم ادارہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ پارلیمان عدلیہ کے تابع ہے ہم تو یہ چاہتے ہیں کہ عدلیہ کو غیر جانبداری کا مظاہرہ بلکہ تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی کو ادا کرنا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں افہام و تفہیم کی راہ پر چلتے ہوئے ملک میں جمہوریت کے تسلسل کو قائم رکھنا ہے اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاﺅس میں پنجاب اور لاہور سے پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈروں اور پارٹی عہدیداروں کے اعزاز میں دی گئی افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید نے کہا تھا کہ عوام ہی اصل میں طاقت کا سرچشمہ ہیں اور ہم نے دوبارہ انہی عوام کے پاس جانا ہے اور انشاءاللہ ہماری حکومت عوام کی ہی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔گورنر نے کہا کہ ملک میں نگران حکومت کا سیٹ اپ تمام جماعتوں کی مشاورت سے قائم کیا جائے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری نہایت احسن طریقے سے سرانجام دیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک میں اداروں کو مستحکم کیا۔ عدلیہ اور میڈیا کو مکمل طور پر آزادی دی اور پاکستان میں آئین کی اصل روح کو بھی بحال کیا۔ اُنہوں نے کہا ہماری حکومت نے غربت کے خاتمے کے لئے گراں قدر اقداما ت کئے جس کی روشن دلیل ملک میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 60لاکھ خاندانوں میں خطیر رقم کی تقسیم ہے جس کی بدولت آج خواتین اپنا کاروبار شروع کر رہی ہیں۔