ارفع کریم ٹاور کروڑ روپے کا نادہندہ ، کمرشلائزیشن فیس ادا ئیگی کیلئے نوٹس

ارفع کریم ٹاور کروڑ روپے کا نادہندہ ، کمرشلائزیشن فیس ادا ئیگی کیلئے نوٹس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(شہباز اکمل جندران) ارفع کریم ٹاور ، ایل ڈی اے کا 10کروڑ روپے کا نادہندہ نکلا،اتھارٹی نے کمرشلائز یشن فیس کی ادائیگی کے لیئے نوٹس جاری کردیا،جبکہ ڈائریکٹر کمرشلائزیشن خالد محمود شیخ کا کہنا ہے کہ پنجاب انفرمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے چیف سیکرٹری اور پنجاب حکومت کی منظوری و ہدایات کے باوجود کمرشلائزیشن فیس ادا نہیں کی معلوم ہوا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے فیروز پور روڈپر واقع دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی ایکسپرٹ ارفع کریم رندھاوا کے نام سے منسوب ارفع ٹاور کمرشلائز یشن کی مد میں ایل ڈی اے کا 10کروڑ روپے سے زائد کا نادہندہ ہے،پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن نمبر SO (D 11) 5-2/81/VOL-11 2-7-2001کے تحت کسی بھی جائیداد کو کمرشل کروانے کے لیئے لازم ہے،کہ مذکورہ جائیداد کی مارکیٹ ریٹ کے مطابق کل قیمت کا 20فیصد ادا کیا جائے اور غیر قانونی کمرشل استعمال پر جائیداد کے مالک سے جائیداد کی کل قیمت کا 10فیصد جرمانہ بھی وصول کیا جائے،ذرائع کے مطابق پنجاب انفرمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے 2006میں ایل ڈی اے سے انڈسٹریل بلاک ،ماڈل ٹاﺅن ایکسٹینشن فیروز پورروڈ پر واقع 39کنال 14مرلے اور 122مربع فٹ کاپلاٹ نمبر 15حاصل کیا ، اور خصوصی طورپر اس پلاٹ کو انڈسٹریل سے کمرشل میں کنورٹ کروایا ، پنجاب حکومت نے مذکورہ پلاٹ کی کنورشن کرتے ہوئے پی آئی ٹی بی کو ہدایات جاری کیں ،کہ پلاٹ کی مارکیٹ ریٹ کے مطابق 20فیصد کمرشلائزیشن فیس ایل ڈی اے کو ادا کی جائے،جس پر ایل ڈی اے کے شعبہ ٹاﺅن پلاننگ کی طرف سے مذکورہ پلاٹ کی11کروڑ 91لاکھ روپے کمرشلائز یشن فیس وصول کرنے کے لیئے پی آئی ٹی بی کو بار بار خط لکھا گیا، لیکن پی آئی ٹی بی نے پلاٹ کی پیمائش پر اعتراض کیا جس پر پلاٹ کی دوبار ہ سے پیمائش کی گئی اور یہ بات سامنے آئی کہ پی آئی ٹی بی کے زیر استعمال 39کنال کی بجائے 34کنال 15مرلے ،72مربع فٹ اراضی ہے ،جس کی کمرشلائز یشن فیس 10کروڑ 43لاکھ 98ہزار روپے بنتی ہے لیکن اس کے باوجو د تاحال پنجاب انفرمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے فیس ادا نہیں کی،ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر کمرشلائز یشن خالد محمود شیخ کا کہناہے، پی آئی ٹی بی کو کمرشلائز یشن فیس کی ادائیگی کے لیئے حتمی نوٹس ارسال کردیا گیا ،اور نادہندگی پر ارفع کریم ٹاور کو سیل کیا جاسکتا ہے۔