نوجوت سنگھ سدھو اسلام آباد پہنچ گئے ، پی ٹی آئی رہنماﺅں کا پرتپاک استقبال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)نو منتخب وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں آنیوالے سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کا اسلام آباد آمد پر تحریک انصاف کے پارٹی رہنماﺅں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیاگیا ۔ وہ آج نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈر پہلے لاہور اور پھر اسلام آباد پہنچے ۔لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی جمہوریت میں آنے والی تبدیلی بہت اچھی ہے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ اپنے دوست کی دعوت پر پاکستان آیا ہوں اور یہاں دعوت پر محبت کا پیغام لےکر آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور فنکار فاصلے مٹاتے ہیں اور ایک دوسرے کو آپس میں جوڑتے ہیں۔نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ میں عمران خان کیلئے ایک شال لایا ہوں۔گلابی رنگ کی پگڑی پہننے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلابی رنگ شگنوں کا ہے، محبت کا ہے ، پیار کا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے تین بھارتی سابق کرکٹرز کو دعوت دی تھی تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے بھارتی دباﺅ کی بنا پر ذاتی مصروفیات کا جواز پیش کرکے آنے سے معذرت کر لی ہے ۔