بھارت میں تاریخ کی سب سے خوفناک تباہی، 300سے زائد ہلاک اور۔۔۔
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست کیرالہ ان دنوں ملکی تاریخ کی خوفناک ترین تباہی سے دوچار ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ریاست میں 9روز کی شدید بارشوں کے باعث تباہ کن سیلابی صورتحال ہے اور اب تک اس آفت میں 324افراد ہلاک اور 2لاکھ 20ہزار سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔ کئی جگہوں پر لینڈسلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں اور ہزاروں گھر منہدم ہو چکے ہیں۔ بعض علاقوں میں سیلابی پانی کی سطح 5فٹ سے زیادہ ہو چکی ہے اور لوگ بلند مقامات پر کھلے آسمان تلے پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
کیرالہ کے وزیراعلیٰ پینارائے وجیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ”ریاست میں 100سال بعد اتنی زیادہ مون سون بارشیں ہوئی ہیں۔“ انہوں نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ”اب تک لینڈسلائیڈنگ ، گھر مسمارہونے اور دیگر حادثات میں 324افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔“ رپورٹ کے مطابق تاحال ہزاروں لوگ سیلاب کے پانی میں پھنسے ہوئے ہیں اور شدید تباہی کے باعث ان تک پہنچنا مشکل ہو رہا ہے۔
ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ ”آئندہ دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں جس سے مشکلات میں اضافے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔“ اعلیٰ حکومتی عہدیدار پی ایچ کریان کا کہنا تھا کہ ”ہم مزید کشتیاں اور فوجی تعینات کر رہے ہیں تاکہ ریسکیو آپریشن کو تیز کیا جا سکے۔ اس وقت 30آرمی ہیلی کاپٹر اور 320کشتیاں ریاست میں متاثرین کو ریسکیو کر رہی ہیں۔“