اس لڑکی کی صرف 16سال کی عمر میں 28 کروڑ روپے کی لاٹری نکل آئی لیکن پھر اس پیسے سے اس کی زندگی کیسے تباہ ہوگئی؟ جان کر آپ کہیں گے ایسے پیسے سے غربت ہی اچھی
لندن(نیوز ڈیسک)کم عمری میں ہی کوئی انسان بیٹھے بٹھائے کروڑوں کا مالک بن جائے تو یقیناً ہر کوئی اسے بلا کا خوش قسمت کہے گا۔ برطانوی لڑکی کیلی راجرز کی بھی جب محض 16 برس کی عمر میں 18 لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 28 کروڑ پاکستانی روپے) کی لاٹری نکل آئی تو ہر کسی کا یہی کہنا تھا کہ اُ س سے بڑھ کر خوش قسمت انسان دنیا میں نہیں ہو سکتا۔ آج کیلی کی عمر 31 برس ہے اور اس کے پاس پھوٹی کوڑی بھی نہیں۔ مفلسی کا یہ عالم ہے کہ اپنے معذور بچے کا علاج کروانے کے لئے اس کے پاس رقم نہیں۔
میل آن لائن کے مطابق کیلی راجرز کا چھ سالہ بیٹا بلیک سریبرل پالسی کی دماغی بیماری کے باعث معذور ہوچکا ہے۔ یہ بچہ سہارے کے بغیر چل نہیں سکتا، بات نہیں کرسکتا، یہاں تک کہ کھانا پینا بھی اس کے لئے بے حد مشقت طلب کام ہوچکا ہے۔ کیلی کا کہنا ہے کہ ”قدرت نے مجھ پر مہربانی کی کہ 16 سال کی عمر میں مجھے کروڑوں کی مالکن بنا دیا لیکن میں نے خود کو برباد کر لیا۔ میں نے یہ تمام رقم مہنگے ہوٹلوں میں پارٹیوں، بیرون ملک سفر، منشیات، اور سب سے بڑھ کر بے وفا دوستوں پر لٹا دی۔ میں نے اپنے متعدد بوائے فرینڈز کو گاڑیاں خرید کر دیں لیکن آج اُن میں سے کوئی بھی میرے ساتھ نہیں۔مجھے کبھی بھی رقم ڈھنگ سے استعمال کرنا نہیں آتی تھی لیکن لاٹری جیتنے کے بعد تو میں نے غیر ذمہ داری کی انتہا کردی۔ میں سب کچھ لٹاچکی ہوں، جس کا مجھے افسوس ہے، لیکن مجھے اس بات کا پچھتاوا سب بڑھ کر ہے کہ میرے بیٹے کے علاج کے لئے میرے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔“