پرویز الہی کو ووٹ دینے والے 12 ایم پی ایز کے نام سامنے آ چکے ،عمران خان پہلا وزیر اعظم جنہیں حلف اٹھانا نہیں آیا :مجتبیٰ شجاع الرحمن
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ء رکن صوبائی اسمبلی میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حمزہ شہبازکے کاغذات بطوروزیراعلی جمع کروادئیے ہیں، پنجاب کے لوگوں کا مینڈیٹ چوری کرکے سپیکر اور وزیراعلی بنایاگیا ،جن 12لوگوں نے سپیکر کے لئے چوہدری پرویز الٰہی کو ووٹ دیئے ان کے نام سامنے آ چکے ہیں،ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں وہ سارے ووٹ واپس آئے،تحریک انصاف جس کو بھی وزیر اعلیٰ کے لئے نامزد کرتی ہے ،اس کے کیسز سامنے آ جاتے ہیں،عمران خان پہلا وزیر اعظم ہےجنہیں حلف اٹھانا نہیں آیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئےحمزہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمیاں مجتبی شجاع الرحمن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پنجاب میں 161ووٹ ہیں اور اب تک 159 ووٹ موجود ہیں جو کل اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،اسمبلی میں کچھ آزاد حیثیت میں بیٹھے ارکان خود ہم سے رابطے کررہےہیں۔انہوں نے کہا کہعمران خان سے پوچھنا چاہئے وہ کہتے تھے کہ صاف و شفاف لوگوں کو لے کر آئیں گے لیکن اب تک پی ٹی آئی کے ہر امیدوار کے کیسز سامنے آئے ہیں، عمران خان نے وزیراعظم بنتے ہی پہلےفیصلے میں جس شخص کو وزیر اعلی بنایا اس کے خلاف بھی کیسز سامنے آ گئے ہیں ،انہوں نے نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کا مینڈیٹ چوری کرکے سپیکر بنایاگیا ،اگرغیر جانبداری سے ایوان چلایاتو چلے گا وگرنہ ایوان نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نےسپیکر اور ڈپٹی سپیکر پر متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیا،ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ زرداری کی کیا مجبوری ہے ؟کیا انہیں وٹس ایپ کال آ گئی تھی کہ انہوں نے وزارت عظمی کےلئے شہبازشریف کو بھی ووٹ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہعظمی قادری سے رابطے میں ہیں، امید ہے کہ وہ کل اسمبلی اجلاس میں آ جائیں گی ۔