عمران خان کے وزیر اعظم بنتے ہی امریکہ نے بڑا اعلان کردیا
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ نے عمران خان کے حلف لینے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیتھر نوئرٹ نے ٹوئٹ میں عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں، امریکا پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ خطے میں امن اورخوشحالی کے لیے مل کر کام کرناچاہتا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل ایران کے صدر حسن روحانی اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی مبارک باد کے پیغامات دیے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے بھی عمران خان کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے مابین تعاون فروغ پائے گا ۔ اپنے خط میں سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں اقوام متحدہ کے آپریشنز میں تعاون ملے گا، ’ میں جنرل اسمبلی کے 73 ویں اجلاس کے موقع پر آپ سے ذاتی طور پر ملاقات کرنا چاہتا ہوں‘۔