باغبانپورہ پولیس کا چھاپہ، چار قمار باز رنگے ہاتھوں گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی کینٹ ڈویژن (آپریشن) رضا صفدر کاظمی کی خصوصی ہدایت پر باغبانپورہ پولیس نے چھاپہ مار کر چار قمار بازوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔کینٹ ڈویژن کے ترجمان کے مطابق سی سی پی او لاہور بی اے ناصر اور ڈی آئی جی پولیس آپریشن لاہور اشفاق احمد خان کے حکم پر ایس پی کینٹ ڈویڑن رضا صفدر کاظمی نے کینٹ ڈویڑن میں ڈکیتی،راہزنی اور نقب زنی سمیت جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری رکھا گیا ہے ایس ایچ او باغبانپورہ انسپکٹر محمد عتیق ڈوگر کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع ملی کہ امین عرف گوپا کے ڈیرے پر بڑے پیمانے پر قمار بازی کی جارہی ہے جس پر انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارکر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایک ملزم امین عرف گوپا کے قبضہ سے کلاشنکوف برآمد کرلی گئی ہے جبکہ ملزمان سے داؤ پر لگی ہوئی دو لاکھ چھ ہزار 640 روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
ایس ایچ او باغبانپورہ انسپکٹر محمد عتیق ڈوگر کے مطابق گرفتار ملزمان امین عرف گوپا وغیرہ کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ایس پی کینٹ ڈویڑن رضا صفدر کاظمی نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے پر ایس ایچ او باغبانپورہ اور ان کی ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔