مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے ، جنگ ہوئی تو ہندوستان رہے گا نہ پاکستان،نعیم الحق
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے ،کشمیر پر جنگ ہوئی تو ہندوستان رہے گا نہ پاکستان ۔اسلام آباد میں حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کئی بار مودی سے بات کرنے کی کوشش کی،وزیراعظم نے صدرٹرمپ سے کہا مودی بات کرنے کو تیار نہیں، صدر ٹرمپ نے مودی کی جانب سے بات نہ کرنے پر حیرانگی کا اظہار کیا،عالمی دباﺅ بھارتی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردے گا،نعیم الحق نے کہا کہ پوری دنیا کشمیرکی اہمیت سے متفق ہے ،دنیا سمجھتی ہے بھارت کو کشمیر پرپاکستان سے بات کرنا پڑے گی مگربھارتی حکومت مختلف بہانے بنا کر گفتگو کرنے سے گریز کررہی ہے ،وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر پولیس سٹیٹ بنا دیا گیا ہے ،آر ایس ایس کا فلسفہ ہے بھارت میں صرف ہندﺅوں کی حکومت ہو گی ،انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان تاریخ کے اہم موڑ سے گزر رہا ہے،جب تک کشمیریوں کو آزدی نہیں ملتی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالنے پرپتا چلاہرادارے کاخزانہ خالی ہے اوردیوالیہ نکل چکا،حکومت کاخزانہ بالکل خالی تھا،واجبات کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں تھے،ملکی واجبات اداکرنے کیلئے مختلف سکیمیں شرو ع کی گئیں ،پانچ سال میں تمام غریبوں کو گھر فراہم کریں گے ،ساڑھے تین سے چار لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں ، غریب افراد 5،10اور 15ہزارروپیہ ماہانہ دےکر گھرکے مالک بن سکیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں بے روزگاری کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، غریب عوام کےلئے مختلف سکیمیں شروع کی ہیں،یتیموںاور بیواوَں کےلئے بھی سکیمیں شروع کی ہیں،گاوَں میں غریب طبقے کےلئے مویشیوں کی فراہمی کی سکیم لارہے ہیں،نعیم الحق نے کہا کہ پہلا سال مشکل گزراسخت اقدامات کرناپڑے ،قرضے اتارنے کےلئے دوست ممالک سے امداد لی،امید ہے کہ دوسرا سال بہتر اورتیسرا اس سے بہتر ہوگا،انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ سے ساڑھے 7 لاکھ روپے کی طبی امداداور ہسپتال سے علاج کی سہولت دیں گے،ان کا کہناتھا کہ وزیراعظم ملک کیلئے18، 18گھنٹے کام کر رہے ہیں ،پہلے سال میں حکومت سے غلطیاں بھی ہوئی ،ہماری غلطیوں کی نشاندہی کریں لیکن ہماراموقف بھی شامل کریں ۔