بھارت نے مقبوضہ کشمیرکوجیل میں تبدیل کردیا، کشمیرحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیرحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیرکوجیل میں تبدیل کردیا ہے ،حق کیلئے آوازاٹھانےوالابھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنتاہے،مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے، گزشتہ کئی ہفتوں سے مقبوضہ وادی میں بھارت کی جارحیت جاری ہے،مقبوضہ وادی میں بچے دودھ اور بیمار ادویات کو ترس رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف قومی بیانیہ لےکر آگے چل رہے ہیں، کشمیر کازکیلئے ہم نے اپنے سیاسی اختلافات پس پشت ڈال دیے ہیں،وزیراعظم عمران خان مسلسل مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں،اس وقت حکومت سے زیادہ پاکستان کے وجودپربات کرناضروری ہے،جہاں حکومت سے غلطی ہو میڈیا اس کی نشاندہی کرتا ہے، مثبت تنقیدجمہوریت کا حسن ہے، ہم اس کی قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیرکازکیلئے حکومتی کارکردگی پر وزیر اعظم کا خطاب ملتوی کیاگیا،22سال انتھک محنت اورجدوجہدسے عمران خان کوتاریخی انتخابی کامیابی ملی، حکومت کیلئے کفایت شعاری اورخود انحصاری کا راستہ مشکل ترین تھا،کابینہ جوابدہ ہے،ہم سب میڈیاکے ذریعے عوام کوجوابدہ ہیں،عمران خان نے ایک سال میں نئے پاکستان کی تکمیل کی ہے ،معاون خصوصی کا کہناتھا کہ وزیراعظم نے قائداعظم کے سپاہی کے طورپرمخالفین کے اندازوں کوغلط ثابت کیا،چندافراداور ایلیٹ کلاس عوام کے حقوق چھینتے رہے،وزیراعظم ہروزارت کے شعبے کی ریفارمزخوددیکھتے ہیں ،پاکستان کے ہرادارے کوریفارمزکی ضرورت تھی،عمران خان نے ہرادارے میں ریفارمزمتعارف کرائیں۔
اگلے ہفتے میڈیاہروزارت کااحتساب کرے،اگلے پورے ہفتے روزانہ ایک وزارت میڈیاکے آگے جوابدہ ہوگی،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوسٹل سروس پہلی بارمنافع کی طرف بڑھ رہاہے، ریلوے خسارے میں ملا،انتھک محنت سے پاو¿ں پرکھڑاکیا،ایف بی آر کو با اختیار بنایاجا رہاہے،وزارت اطلاعات میں سوشل میڈیا کا ونگ قائم کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ انصاف اوراحساس تک معاشرے میں تبدیلی نہیں آسکتی،احساس پروگرام کیلئے 152 ارب روپے مختص کیے ہیں،175 ممالک کیلئے آسان ویزہ پالیسی متعارف کرائی گئی،سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وزارت داخلہ نے مربوط اقدامات کیے،فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ وزارت خارجہ نے بھارت کی تمام سفاکانہ کارروائیاں ناکام بنائیں ہیں،اپوزیشن کی شکرگزار ہوں کہ انھوں نے قومی بیانیے کوسپورٹ کیا۔