ٹوئٹر اور فیس بک میں بیٹھی انڈین لابی متحرک، کشمیر پر بات کرنے والے پاکستانیوں کو سخت سزا دینا شروع کردی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹوئٹر اور فیس بک میں بیٹھے انڈین ملازمین کی جانب سے کشمیر پر پوسٹیں کرنے والے پاکستانیوں کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس معطل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد پاکستانیوں نے بھرپور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی گزشتہ 14 روز سے کشمیر کا موضوع ہی ٹاپ ٹرینڈ ہے اور لوگ اسی موضوع پر بات کر رہے ہیں۔ ایسے میں ٹوئٹر اور فیس بک کے ریجنل دفاتر میں بیٹھے انڈین سٹاف کی جانب سے پاکستانیوں کے اکاﺅنٹس معطل کرنا شروع کردیے گئے ہیں۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ کشمیر کے بارے میں پوسٹ کرنے کے باعث ان کا اکاﺅنٹ معطل کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ٹوئٹر پر بھی #StopSuspendingPakistanis ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 2017 میں بھی برہان وانی شہید کی برسی پر فیس بک کی جانب سے پاکستانیوں کے ساتھ ایسا ہی رویہ اپنایا گیا تھا۔ برہان وانی شہید کی پہلی برسی کے موقع پر جو بھی ان کی تصویر شیئر کرتا یا پروفائل پر لگاتا تھا فوری طور پر اس کا اکاؤنٹ معطل کردیا جاتا تھا۔