مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر انتہائی غیرذمہ دارانہ بیان دینے والے یوٹیوبر عرفان جونیجو کو اپنے کیے کی بڑی سزا مل گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی یوٹیوبر عرفان جونیجو کومقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے متنازعہ بیان دینا انتہائی مہنگا پڑ گیا۔ پاکستانی یوٹیوبر کونہ صرف سوشل میڈیا پرکڑی تنقید کا سامنا ہے بلکہ انہیں یوٹیوب سبکسکرائبرز سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گئے ہیں۔
یوٹیوبر عرفان جونیجو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کوئی ویڈیو نہیں بنائیں گے ۔ انہوں نے اس کی توجیح دیتے ہوئے کہا تھا چونکہ انہوں نے ہزارہ برادری کے احتجاج، سوڈان کی صورتحال اور دیگر موضوعات پر ویڈیوز نہیں بنائیں اسی لیے وہ کشمیر کے بارے میں بھی بات نہیں کریں گے۔
عرفان جونیجو کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر شدید ہنگامہ برپا ہے اور لوگ یوٹیوبر کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان میں ٹوئٹر پر ’ عرفان جونیجو‘ کے نام کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
ٹوئٹر پر ہونے والی تنقید کے علاوہ عرفان جونیجو اپنے فالورز کے بھی زیر عتاب آگئے ہیں اور انہیں بڑی تعداد میں اپنے چینل کے سبسکرائبرز سے ہاتھ دھونا پڑ گئے ہیں۔
اب تک عرفان جونیجو کو یوٹیوب پر سوا تین ہزار لوگ ان سبسکرائب کرچکے ہیں اور یہ تعداد ہر گزرتے لمحے کے ساتھ بڑھتی چلی جارہی ہے۔