بزدل مودی نے کشمیر کو جیل بنادیا ، پاکستان کیخلاف کو ئی بھی’’مس ایڈونچر‘‘خود بھارت کیلئے تباہی ہوگا :چوہدری محمدسرور
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف کو ئی بھی’’مس ایڈونچر ‘‘خود بھارت کیلئے تباہی ہوگا ،بزدل مودی نےمقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا ہے، ہر گھر کے باہر بھارتی فوجی کھڑے ہیں،پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت اور22کروڑ عوام ملکی سر حدوں کی حفاظت کیلئے متحد ہیں،کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی طاقت اس کو ہم سے جدا نہیں کرسکتی۔
گور نر ہاؤس لاہور میں وفاقی پار لیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے 10رکنی وفد سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےگور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، بھارت اگر کوئی حر کت کر ے گا تو اس کو پہلے سے بھی زیادہ بھر پور جواب دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے آئے روز کوئی نیا ڈرامہ کرتا ہے مگر آج سلامتی کونسل سمیت سب یہ کہہ رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،میں سمجھتاہوں کہ بھارت اپنے تمام منصوبوں میں ناکام ہو چکا ہے اور اس کے پاس اب بھی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر نے کے سواکوئی چارہ نہیں، پاکستان کے 22کروڑ عوام کشمیر یوں کیساتھ کھڑے ہیں اور ان کشمیریوں کی آزادی کیلئے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ انسانی حقوق کی جتنی پامالی آج کشمیر میں ہو رہی ہے اس کی پوری دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی،بدقسمتی سے انسانی حقوق کی بات کر نیوالے بڑے بڑے ممالک اور تنظیمیں خاموش تماشائی بنیں ہوئیں ہیں، انکو چاہیے وہ فوری طور پر نوٹس لیں اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی،کشمیر یوں پر مظالم کا سلسلہ بند اور کر فیوفوری طورپر ختم کرے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے کشمیر کو عالمی مسئلہ قرار دیکر بھارت کی امیدوں کا جنازہ نکال دیا ہے،بھارت کشمیر یوں کے جذبہ کو جانتا ہے اس لیے وہاں کر فیو ختم کر نے سے ڈر رہا ہے۔وفد سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نے عام انتخابات میں قوم سے جتنے بھی وعدے کیے ہیں انکو پورا کیا جائیگا اور آج پاکستان میں غر بت ،مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کے خاتمے کیلئے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں انکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے مشکل فیصلے کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے،انشاء اللہ ملک معاشی سمیت تمام مشکلات سے مکمل نجات دلائیں گے۔