’ پاکستان کشمیر کے لئے ہرحد تک جائے گا اس لیے سلامتی کونسل ۔۔۔ ‘سپیکر قومی اسمبلی نے بڑا مطالبہ کردیا
صوابی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ سلامتی کونسل صورتحال مزید خراب ہونے سے بچائے ، پاکستان کشمیر کے لئے ہرحد تک جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کی بڑی کامیابی ہے ، دنیا نے تسلیم کیا کہ مسئلہ کشمیر کا بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم پردنیا کی خاموشی ٹوٹی ہے ، پاکستان ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہاہے ۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ شروع کررکھاہے ، کشمیریوں کے بنیادی حقوق معطل ہیں ، کرفیواورذرائع ابلاغ پر پابندی عائد ہے ۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل صورتحال مزید خراب ہونے سے بچائے ، بھارت غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں سے جذبہ حریت نہیں چھین سکتا ، پاکستان کشمیر کے لئے ہر حد تک جائیگا، کشمیری ہم سے اور ہم کشمیر سے ہیں۔