’دفاعی ادارے حکومت اور اپوزیشن کو ایک چھت کے نیچے بٹھائیں اور ۔۔۔ ‘ جے یو آئی کا مطالبہ سامنے آگیا
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے اپوزیشن دفاعی اداروں کے ساتھ ہے،دفاعی ادارے حکومت اور اپوزیشن کو ایک چھت کے نیچے بیٹھا کر کشمیر کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کریں۔
کوئٹہ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمدکاکہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کی سازش سے نریندر مودی نے جس طرح بھارتی اپوزیشن کو لاعلم رکھا ،اسی طرح کشمیری مظلوم عوام کی داد رسی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا،اس وقت حکومت اور اپوزیشن کو کشمیر کے حوالے سے سیسہ پلائی دیوار بن جانا چاہئے،اس میں اصل ذمہ داری حکومت کی ہے کہ وہ پہل کرتے ہوئےاپوزیشن کے خلاف اپنی روائتی گولا باری کے حوالے سے سیز فائر کرتی اور اپوزیشن کو صورتحال کے متعلق بریفنگ دی جاتی لیکن بدقسمتی سے عمران خان اور اس کے رفقا انتقامی گھوڑے سے نہیں اتر سکے۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ کل اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہورہی ہے، اس سے پہلے اب بھی وقت ہے کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف لفظی گولا باری بند کرے جس کی توقع نہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اپوزیشن دفاعی اداروں کے ساتھ ہے اور آخری دم تک رہے گی لیکن اگر حکومت اپنے مخاصمانہ انداز نہیں بدلتی تو کم از کم دفاعی ادارے ہی اس موقع پر پہل کریں اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو صورتحال کے بارے میں اعتماد لے، کیوںکہ جنگ قوم کے مکمل اتحاد سے جیتی جاسکتی ہے ،اس لیے دفاعی ادارے حکومت اور اپوزیشن کو ایک چھت کے نیچے بیٹھا کر بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے تمام پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دیں، تینوں میں سے کوئی اپنے آپ کو عقل کل نہ سمجھے، ورنہ اس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا ہوگا۔