پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی بارے ایسی بات کر دی کہ آپکی بھی ہنسی چھوٹ جائے گی
حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنمااور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نےکہاکہ ریاست مدینہ کا دعوی کرنے والے سلیکٹڈ وزیر اعظم اور ’’ تبدیلی سرکار ‘‘ کی ایک سالہ کارکردگی یہی ہےکہ اس نےملک کے سابق صدر اور اُن کی بہن کو جیل میں ڈالا, تین بار وزاعظیم رہنے والے نواز شریف اور ان کی بیٹی کو پابند سلاسل کیا،فریال تالپور جیل میں جبکہ علیمہ خان اربوں روپے بنانے کے باوجوآزاد ہے،پیپلز پارٹی نے کشمیر پر کبھی سیاست نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر سسی پلیجو اور سینیٹر عاجز دھامراہ کےہمراہ میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ کاکہنا تھا کہ سلیکٹڈوزیر اعظم نے انتخابات کے موقع پر 100 دن کا پلان دیتے ہوئےایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کا دعوی کیا تھا، اس کے بدلے میں اپنی ایک سالہ حکومت میں لاکھوں مکانات اور دکانیں مسمار کیں جبکہ ہزاروں لوگوں کو بے روز گار کیا ، گیس کی قیمت میں چھ سو فیصد اضافہ کیا، پیٹرول کی قیمت میں 25فیصد اضافہ کرکے قوم پر مہنگائی کا بم گرایا، انڈیکس جو کہ چالیس ہزار پوانٹس پر تھا گر کے30ہزار پوائنٹس پر آگیا، یوٹیلٹی بلوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر بات صرف معیشت کی ہوتی تو برداشت کرلی جاتی لیکن بین الاقوامی سطح پر ملک کی ناکام خارجہ پالیسی اور مودی کی دوستی میں مسئلہ کشمیر کو شدید نقصان پہنچایا گیا ،پارلیمنٹ میں آج تک ایک قانون بھی منظور نہیں ہوا، کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، پی پی نے کبھی کشمیر پر سیاست نہیں کی، آصف زرداری نے پارلیمنٹ میں کے مشترکہ اجلاس میں قوم کا حقیقی موقف بیان کیا اور رضا ربانی نے قوم کی درست ترجمانی کی لیکن اس سنگین موقعہ پر سلیکٹڈ وزیر اعظم کا رویہ بھی قوم نے دیکھا،کشمیر جیسے حساس ایشو پر مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم آنے کو تیار نہیں تھے ،اپوزیشن کے شدید احتجاج کے بعد چھ گھنٹے کے بعد اجلاس میں آئے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے حکومت نے قوم کو اعتماد میں نہیں لیا ،یہی وجہ ہے کہ کشمیر کے معاملے میں آج عالمی سطح پر پاکستان تہنا کھڑا ہے۔