اہلسنت امام الانبیاء کی تمام پاکیزہ نسبتوں کا احترام کرتے ہیں،پیر منور حسین جماعتی

اہلسنت امام الانبیاء کی تمام پاکیزہ نسبتوں کا احترام کرتے ہیں،پیر منور ...

  

لاہور (سٹی رپورٹر) ہم اہلسنّت امام الانبیاء ؐکی تمام پاکیزہ نسبتوں کا احترام بھی کرتے ہیں اور انہیں عقیدت بھرا سلام بھی کرتے ہیں‘ ہمارے نزدیک اہل بیت اطہار علیہم السلام اور صحابہ کرام علیہم الرضوان کا ادب ومحبت درحقیقت رسول اللہ ؐکا ہی ادب و احترام اور محبت ہے‘ ملک پاکستان کی موجودہ صورتحال آپ سب کے سامنے ہے کہ پاکستان اس وقت اندرونی بیرونی بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے اور وطن عزیز کی مشکلات آپ سب کے سامنے ہیں‘ ان حالات میں پاکستان مزید کسی مشکل صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ ان خیالات کا اظہار لاہور کے مقامی ہوٹل میں تحریک عظمت آل واصحاب رسول ؐکے زیراہتمام ”عظمت مخدومہئ کائنات کانفرنس“ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے مزید کہا کہ جو لوگ ان نازک حالات میں پاکستان میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، وہ غیرملکی طاغوتی طاقتوں کے آلہ کار ہیں۔ پیر سید عرفان احمد شاہ مشہدی کا کہنا تھا کہ عنقریب آنے والے محرم الحرام کے حوالے سے تمام مسالک کے علماء، قائدین و ذمہ داران سے اپیل کروں گا کہ ادب و اخلاقیات اور قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے مسلک کی بات کریں مگر کسی محترم اور برگزیدہ ہستی کے بارے میں کوئی ایسا ہلکا جملہ نہ بولیں، ایسی ہی قبیح حرکات کی وجہ سے معاشرے میں فتنہ و فساد جنم لیتا ہے، مفتی حنیف قریشی،مفتی چمن زبان، ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران شاہ ولی، زیب آستانہ عالیہ گولڑہ شریف پیر سید غلام شمس الدین شمس، ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر پیر سید علی رضا بخاری،مفتی محمداقبال چشتی و دیگر نے خطاب کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -