پاکستان کشمیر ہی نہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے پشت بان ہے، مفتی تقی عثمانی

پاکستان کشمیر ہی نہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے پشت بان ہے، مفتی تقی عثمانی

  

اسلام آباد(این این آئی) شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ قیام پاکستان میں قائد اعظمؒ کے ہمراہ علماء کرام کا کردار بھی نمایا ں رہا،اس کے نظریاتی تشخص کے تحفظ اور بقا ء کیلئے بھی علماء اہم کردار ادا کریں گے۔ ا سلا می جمہوریہ پاکستان نہ صرف کشمیر بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے پشت بان ہے۔اہل پاکستان کو اللہ تعالی کی اس نعمت کی قدر کرنا چا ہیے۔آل جموں کشمیر جمعیت علماء اسلام و سواد اعظم اہلسنت والجماعت آزاد کشمیر کے عشرہ تحفظ و استحکام پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ سمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی 

 خصوصی خطاب کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کی جائے پناہ ہے اور تمام مسلم ممالک کے مقابلے میں پاکستان واحد خطہ ہے جس کے دستور میں یہ بات درج ہے کہ اصل حاکمیت اللہ تعالی کی ہے اور کوئی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بنایا جائیگا۔مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا پاکستان میں خوبیاں برائیوں کے مقابلے میں بہر حال زیادہ ہیں،ہمیں انفرادی و اجتماعی طور پر بہتری کی کوشش جاری رکھنی چاہئے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور اسکی آزادی کیلئے جد و جہد فرض کا درجہ رکھتی ہے۔عشرہ تحفظ و استحکام پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کے اہتمام سے پاکستان مخالفین کی حوصلہ شکنی کیساتھ ساتھ نئی نسل کی تربیت بھی ہوتی ہے۔سیمینار سے امیر آل جموں وکشمیر جمعیت علماء اسلام مولانا قاضی محمو د الحسن اشرف نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا انشاء اللہ علماء کرام نے جیسے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا اسی طرح بچانے اور مستحکم کرنے میں بھی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مفتی تقی عثمانی

مزید :

صفحہ آخر -