کراچی سمیت سندھ بھر میں لوڈشیڈنگ پر احتجاج، نقص عامہ کا خطرہ، صوبائی وزیر توانائی کے عمر ایوب چیئرمین نیپرا کو الگ الگ مراسلے 

کراچی سمیت سندھ بھر میں لوڈشیڈنگ پر احتجاج، نقص عامہ کا خطرہ، صوبائی وزیر ...

  

 کراچی (این این آئی)شدید گرمی اور حبس کے باوجود صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں طویل وقفوں کی لوڈشیڈنگ پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کو لکھے گئے اپنے علیحدہ علیحدہ مراسلوں میں واضح کیا ہے کہ نیپرا کی عوامی سماعت کے بعد کے الیکٹرک کو نیپرا ایکٹ 1997ء کی دفعہ 28کے تحت شوکاز نوٹس دیئے جانے کے بعد بجائے کراچی میں لوڈ شیڈنگ میں کمی کے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ کراچی میں اب بھی 8تا12گھنٹے کی طویل واذیت ناک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس نے شہریوں کو بے حال او ر کاروبار کو تباہی کے دہانے پر پہنچا رکھا ہے۔عوام کی جانب سے احتجاج کا اندیشہ اور امن و امان کی صورتحال بگڑنے کا خدشہ ہے۔ کے الیکٹرک کو فوری طور پر لوڈشیڈنگ میں کمی،نیپرا حکام کو ہدایت دی جائے کہ وہ کراچی آکر لوڈ شیڈنگ کے مسائل کا از خود جائزہ لیں۔مراسلوں میں صوبائی وزیر توانائی نے یہ تجویز بھی دی کہ بجلی کے شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول کے الیکٹرک، نیپرا، بجلی کے شعبے کے ماہرین، پاور ڈویژن اور سندھ حکومت کا اجلاس بلا کر مسئلے کا مستقل حل نکالا جا ئے تاکہ کراچی کے شہری لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات پاسکیں۔اپنے ایک اور مراسلے میں وزیر توانائی سندھ نے وفاقی وزیر عمر ایوب کو حیسکو، سیپکو کے دائرہ کار میں آنیوالے سندھ کے دیگر شہروں میں بھی طویل لوڈشیڈنگ، ٹرانسفارمرز کی تنصیب نہ کئے جانے کی عوامی شکا یات کاازالہ کرنے کیلئے الگ سے وسیع البنیاد اجلاس طلب، تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو اور مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی احتجاج خطرہ

مزید :

صفحہ آخر -