حکومت کی دو سالہ کارکردگی مایوس کن ہے،کاشف سعید شیخ 

حکومت کی دو سالہ کارکردگی مایوس کن ہے،کاشف سعید شیخ 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے حکومت کی دوسالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت انتخابی مہم کے دوران مہنگائی، کرپشن، بیروزگاری کے خاتمے سمیت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ حکومتی دعووں کے برعکس خراب معاشی صورت حال سے لیکر مہنگائی کے طوفان تک عام آدمی سخت پریشان ہے۔ حکومتی رٹ کا یہ عالم ہے کہ نوٹس کے بعد آٹا 70 روپے فی کلو، چینی 100 روپے اور دودھ 120 روپے لیٹر ہوگیا۔ لگتا ہے کہ یہاں ملک پر حکومت کی بجائے مافیا کا کنٹرول ہے عام آدمی کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہے۔ دیگر کمیشنوں کی طرح آٹا چینی چور کمیشن کی رپورٹ کو بھی سرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے۔ صوبائی رہنما نے زور دیا کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور ان کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے آٹا، چینی، دودھ سمیت روز مرہ کی اشعائے خور و نوش کی قیمتوں پر کنٹرول و مہنگائی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ و کرپشن فری اقدامات کئے جائیں۔

مزید :

صفحہ آخر -