عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ریاض خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے آبنو شی ریاض خان نے کہا ہے صوبائی حکومت پورے صوبے میں عوام کو صحت،تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور رواں مالی سال کے بجٹ میں محکمہ آبنوشی کی مختلف جاری اور نئی سکیموں کیلئے 6881 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے پیر کے روز ضلع بونیر سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر وفد نے حلقے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر مختلف درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر معاون خصوصی نے وفد کو تمام مسائل کے حل کر نے اور ضلع بونیر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا یقین دلا یا اور کہا کہ وہ ضلع بونیر سمیت پورے خیبرپختونخوا کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ریاض خان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا تے ہو ئے صوبے کے عوام کیلئے صاف پانی کی باسانی فراہمی کو یقینی بنایا جائے معاون خصوصی نے کہا کہ انشاء اللہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں پر پورا اتریں گے۔ ریاض خان نے ضلع بونیر کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ ضلع بونیر میں چڑھ سے ایلم تک 13 کلومیٹر روڈ کا افتتاح گزشتہ ہفتے کیا جا چکا ہے جس پر کل 160 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اسی طر ح تقریباً 84 ملین روپے کی لاگت سے الئی پل، 34.292 ملین روپے سے 2 کلومیٹر جینگدرہ روڈ،46.79 ملین روپے سے 2 کلومیٹرپیر بابا بٹئی روڈ اور 15 ملین روپے کی لاگت سے 1 کلومیٹر شودرہ روڈ کا افتتاح بھی کیا جا چکا ہے جس سے عوام کوآمد و رفت کی کافی سہولت میسر ہو گی۔ معاون خصوصی نے مزیدکہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع بونیر میں سیاحت کو تقویت ملے گی اور بونیر کے عوام کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔ اُنہو ں نے متعلقہ افسروں کو ہدیت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل میں سست روی کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی۔تا ہم علاقے کے عمائدین کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ منصوبے کی نگرانی کوخود بھی یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کے غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی روک تھام ممکن ہو۔اُنہو ں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام کی ترقی پر خرچ کریں گے اورضلع بونیر کے عوام سے کیے گئے وعدوں پر پورا اترتے ہوئے ضلع بونیر کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔